Live Updates

چارٹر آف ڈیموکریسی ، جنرل پرویز مشرف کی آمریت کے خاتمے اور جمہوریت کی بحالی کی بنیاد بنا،وزیراعلیٰ سندھ

بدھ 14 مئی 2025 16:45

چارٹر آف ڈیموکریسی ، جنرل پرویز مشرف کی آمریت کے خاتمے اور جمہوریت ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مئی2025ء)وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے چارٹر آف ڈیموکریسی (سی او ڈی)کی 19ویں سالگرہ کے موقع پر اپنے پیغام میں اسے پاکستان کی سیاسی تاریخ کا ایک اہم سنگ میل قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے اس تاریخی دستاویز کے ذریعے جمہوری قوتوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کیا، جو آمریت کے خلاف ایک موثر آواز بنی۔

سید مراد علی شاہ نے کہا کہ سی او ڈی جنرل پرویز مشرف کی آمریت کے خاتمے اور جمہوریت کی بحالی کی بنیاد بنا۔ یہ معاہدہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے اس نظریے "جمہوریت بہترین انتقام ہی" کی عملی تصویر تھا۔ انہوں نے کہا کہ اٹھارہویں ترمیم اسی چارٹر کی بنیاد پر ممکن ہوئی، جس سے صوبوں کو خودمختاری ملی اور مرکز و صوبوں کے درمیان اختیارات کی واضح تقسیم عمل میں آئی۔

(جاری ہے)

وزیراعلی سندھ نے مزید کہا کہ آئین سے آرٹیکل 58(2B) کے خاتمے سے پارلیمنٹ کو استحکام ملا اور سیاست کو غیرجمہوری مداخلت سے بچایا گیا۔ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے چارٹر آف ڈیموکریسی کے ذریعے سیاسی انتقام کا دروازہ بند کیا اور مفاہمت، برداشت اور جمہوری تسلسل کی نئی روایات قائم کیں۔انہوں نے کہا کہ سی او ڈی نے سیاسی بلوغت، ادارہ جاتی استحکام اور جمہوریت کو نئی جہت دی۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات