وزیرداخلہ محسن نقوی کی ہولی فیملی ہسپتال آمد، راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم کے قریب بھارتی ڈرون حملے میں زخمی محنت کش توقیر عباس کی عیادت کی

بھارتی ڈرون دہشتگردی میں 8 بہنوں کے اکلوتے بھائی شہید علی حیدر کے زخمی کزن توقیر عباس کی خیریت دریافت کی،بلند حوصلے کو سراہا آنکھ کو بچانے کیلئے ہر ممکن کوشش کی جائے گی،وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی توقیر عباس کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت

بدھ 14 مئی 2025 19:33

وزیرداخلہ محسن نقوی کی ہولی فیملی ہسپتال آمد، راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مئی2025ء)وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم کے قریب بھارتی ڈرون حملے میں زخمی ہونے والے محنت کش توقیر عباس کی ہولی فیملی ہسپتال میں عیادت کی۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھارتی ڈرون دہشتگردی میں 8 بہنوں کے اکلوتے بھائی شہید علی حیدر کے زخمی کزن توقیر عباس کی خیریت دریافت کی اور انکے بلند حوصلے کو سراہا۔

(جاری ہے)

وزیر داخلہ محسن نقوی نے توقیر عباس کی زخمی ہونے والی آنکھ کے علاج معالجے بارے ڈاکٹرز سے معلومات لیں۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے توقیر عباس کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ توقیر عباس کی آنکھ کو بچانے کیلئے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے زخمی توقیر عباس کی جلد صحتیابی کیلئے خصوصی دعا کی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اللہ تعالٰی نے شہدائ کی قربانیوں کی بدولت فتح نصیب کی۔ یادرہے کہ شہید علی حیدر اور دو زخمی کزن توقیر عباس و منظور فیصل راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم کے باہر چیس برگر فروخت کر کے خاندان کا پیٹ پالتے تھے۔