چیف منسٹرز چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام کے ذریعے ہزاروں بچوں کی بالکل مفت کارڈیک سرجری کر چکے ہیں‘خواجہ سلمان رفیق

بچوں کے دل میں پیدائشی سراخ کے آپریٹ کی 10 ہزار کی ویٹنگ لسٹ تھی‘صوبائی وزیر صحت کا آگاہی سیمینار سے خطاب

پیر 18 اگست 2025 17:16

چیف منسٹرز چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام کے ذریعے ہزاروں بچوں کی بالکل مفت ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اگست2025ء) صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیوروسائنسز میں فالج کے مرض سے متعلق آگاہی سیمینار میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔اس موقع پر پراونشل سٹروک کی آگاہی کیلئے وڈیو بھی لانچ کی گئی۔اس موقع پر الیکٹرک سٹروک ایمبولینس کو بھی لانچ کیا گیا۔اس موقع پر سی او او پی سی بی سمیر سید، سینیئر کرکٹر عاقب جاوید، اولمپک پلیئر گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم، کرکٹر اظہر علی، کرکٹر عامر جمال، کرکٹر نعمان علی، کرکٹر محمد حریرا اور کوچ سلمان بٹ نے شرکت کی۔

اس موقع پر سیکرٹری محکمہ ایمرجنسی سروسز پنجاب ڈاکٹر رضوان نصیر، ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر محمد وسیم، ایگزیکٹو ڈائریکٹر پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیوروسائنسز پروفیسر آصف بشیر، پروفیسر قاسم بشیر، پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج/ جنرل ہسپتال لاہور پروفیسر فاروق افضل، پروفیسر ممریز، سی ای او پنجاب ہیلتھ انشی ایٹو مینجمنٹ کمپنی ڈاکٹر علی رزاق، پرنسپل سروسز انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز پروفیسر زوہرہ خانم، ایم ایس جنرل ہسپتال ڈاکٹر فریاد، ایم ایس پنز ڈاکٹر عمر اسحاق، ڈاکٹر سہیل مختار احمد و دیگر فیکلٹی ممبران کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

پروفیسر قاسم بشیر نے آگاہی سیمینار کے اغراض و مقاصد بیان کئے۔اس موقع پر ڈاکٹرز و نرسز کی کثیر تعداد نے بھی شرکت کی۔آگاہی سیمینار میں پروفیسر قاسم بشیر، پروفیسر آصف بشیر، پروفیسر فاروق افضل اور پروفیسر زوہرہ خانم نے بھی شرکاء سے خطاب کیا۔اس موقع پر ہلٹن فارما اور جنیٹکس فارماسیوٹیکل کے نمائندگان نے بھی شرکت کی۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے شرکاء سے اپنے خطاب میں کہاکہ آگاہی سیمینار کے انعقاد کا بنیادی مقصد عوام میں فالج کے مرض سے متعلق شعور اجاگر کرنا ہے۔

1986 میں میرے ایک دوست پر فالج کا حملہ ہوا جس کا علاج پروفیسر آصف بشیر کے عظیم والد پروفیسر بشیر نے کیا۔خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ پروفیسر آصف بشیر، پروفیسر قاسم بشیر اور پروفیسر فائزہ بشیر طبی دنیا میں بہترین خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔آج پی سی بی کے سٹارز کی موجودگی اس آگاہی سیمینار کی اہمیت کو اجاگر کر رہی ہے۔محترم بھائی محسن نقوی کی قیادت میں پی سی بی پوری دنیا میں پاکستان کی عزت کا باعث بن رہا ہے۔

صوبائی وزیرصحت نے کہاکہ بچوں کے دل میں پیدائشی سراخ کے آپریٹ کی 10 ہزار کی ویٹنگ لسٹ تھی۔چیف منسٹرز چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام کے ذریعے ہزاروں بچوں کی الحمدللہ بالکل مفت کارڈیک سرجری کر چکے ہیں۔چیف منسٹرز ڈائیلسز پروگرام اور چیف منسٹرز سپیشل انشی ایٹو فار ٹرانسپلانٹ پروگرام بھی کامیابی سے جاری ہیں۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ یہاں ریسکیورز بھی موجود ہیں جو ہمارے قومی ہیروز ہیں۔

گذشتہ ماہ فیکٹری میں آتشزدگی کے دوران ریسکیو آپریشن کرتے ہوئے ہمارے دو عظیم ریسکیورز نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔نرسز اس قوم کی بیٹیاں ہیں جو دن رات ہسپتالوں میں مریضوں کی خدمت میں مصروف عمل ہیں۔وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے جاپان دورے سے واپسی پر اس غیر معمولی نوعیت کے پروگرام کا دائرہ کار بڑھانے بارے بریفنگ دیں گے۔

اس وقت پنجاب بھر میں 14 پرائمری سٹروک سنٹرز کام کر رہے ہیں۔صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق نے پراونشل سٹروک مینجمنٹ سنٹر کی کامیابی کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کو خراجِ تحسین پیش کیا۔سیکرٹری محکمہ ایمرجنسی سروسز پنجاب ڈاکٹر رضوان نصیر نے کہاکہ اب تک ریسکیورز نے عوام کو بروقت ایمرجنسی سروسز فراہم کرکے سات سو ارب روپے کے نقصانات سے بچایا ہے۔

آج تک ایئر ایمبولینس کے ذریعے 180 سے زائد مریضوں کی جان بچائی گئی ہے۔ سی او او پی سی بی سمیر سیدنے کہاکہ ہم نے پروفیسر قاسم بشیر کے مشن کی خاطر لبیک کہا ہے، سٹروک بارے گھر گھر آگاہی پھیلانی چاہئے۔اولمپک پلیئر ارشد ندیم نے کہاکہ فالج کے مریضوں کے علاج کیلئے یہ پروگرام انتہائی خوش آئند ہے۔سینیئر کرکٹر عاقب جاوید نے کہاکہ کسی بھی مرض کے علاج سے زیادہ اہم اس سے بچاؤ کیلئے آگاہی ہوتی ہے،فالج کے مریضوں کیلئے یہ انتہائی عمدہ اقدام ہے۔کرکٹر اظہر علی نے کہاکہ فالج کے بارے آگاہی سے عوام کو بہت فائدہ ہوگا،حکومت پنجاب کی اس کاوش کو سراہتے ہیں۔