سیلاب متاثرین کی مدد ہمارا قومی فریضہ ہے، وزیراطلاعات

وفاقی حکومت قومی ذمہ داری کے تحت اپنا کردار نبھا رہی ہے، وزیراعظم کی ہدایت پر این ڈی ایم اے صوبائی حکومتوں سے مسلسل رابطے میں ہے، عطا اللہ تارڑ

پیر 18 اگست 2025 17:10

سیلاب متاثرین کی مدد ہمارا قومی فریضہ ہے، وزیراطلاعات
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اگست2025ء)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کی مدد ہمارا قومی فریضہ ہے، وفاقی حکومت قومی ذمہ داری کے تحت اپنا کردار نبھا رہی ہے، وزیراعظم کی ہدایت پر این ڈی ایم اے صوبائی حکومتوں سے مسلسل رابطے میں ہے، متاثرین کو امدادی سامان کی فراہمی اور متاثرہ علاقوں میں ریلیف سرگرمیاں انجام دی جا رہی ہیں۔

پیر کو وزیر اعظم کی زیر صدارت سیلاب اور امدادی سرگرمیوں سے متعلق اجلاس کے بعد وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک اور چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر کے ہمراہ میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں مون سون کی حالیہ بارشوں اور سیلابی صورتحال سمیت خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت صوبائی حکومتوں کے ساتھ مکمل ہم آہنگی سے کام کر رہی ہے۔ عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ مون سون کی بارشوں سے قبل نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر میں کئی اجلاس ہوئے جس میں تمام صوبائی حکومتوں کے نمائندے شریک ہوتے رہے۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم ای) کے پیشگی آگاہی نظام کے ذریعے باقاعدگی سے ڈیٹا متعلقہ اتھارٹیز کو فراہم کیا جاتا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے قومی سطح پر کوششیں کی جا رہی ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر این ڈی ایم اے صوبائی حکومتوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے، امدادی سامان اور ریلیف سرگرمیاں انجام دی جا رہی ہیں۔ پاک فوج اور فلاحی ادارے بھی متاثرہ علاقوں میں سرگرم عمل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سیکرٹری مواصلات پہلے ہی جگلوٹ سکردو روڈ کی مرمت و بحالی کے لئے گلگت بلتستان میں موجود ہیں تاکہ سکردو کا رابطہ گلگت کے ساتھ دوبارہ جوڑا جاسکے جبکہ چیئرمین این ایچ اے مالاکنڈ ڈویڑن میں موجود ہیں تاکہ تمام سڑکوں کا رابطہ بحال کیا جا سکے۔

انجینئر امیر مقام بھی گزشتہ کئی دنوں سے ریلیف سرگرمیوں کی خود نگرانی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے وفاقی وزرااور دیگر متعلقہ حکام کو متاثرہ علاقوں میں موجود رہنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ این ڈی ایم اے کے ذریعے سڑکوں، پانی اور بجلی کے نظام کی بحالی کو یقینی بنایا جائے گا، امدادی سامان کی ترسیل کی بھی نگرانی کی جائے گی تاکہ وہ فوری طور پر متاثرین تک پہنچ سکے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم نے واضح کیا ہے کہ یہ قومی فریضہ ہے، اس میں وفاقی و صوبائی حکومتوں کی تفریق نہیں، تمام ادارے یکجا ہو کر متاثرین کی بحالی اور انفراسٹرکچر کی مرمت پر کام کر رہے ہیں۔