Live Updates

ورلڈ بینک اور سی ای آر پی کے ساتھ تعاون ہمارے ویژن کو مزید تقویت دے گا، فیصل یوسف

بدھ 14 مئی 2025 23:08

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مئی2025ء) ورلڈ بینک اور سینٹر فار اکنامک ریسرچ ان پاکستان (CERP) کے وفد نے پنجاب آئی ٹی بورڈ کا دورہ کیا،جس میں پنجاب جاب سینٹر کو خواتین کیلئے زیادہ موثر اور جامع پلیٹ فارم بنانے کے حوالے سے حکمت عملیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران صنفی شمولیت پر کی جانے والی حالیہ تحقیق کے اہم نتائج کی روشنی میں خواتین کی روزگار تک رسائی بڑھانے اور پلیٹ فارم کی رسائی میں بہتری سے متعلق عملی تجاویز پیش کی گئیں۔

پی آئی ٹی بی ڈائریکٹر انکوبیشن حماد خلیق نے خواتین کیلئے پی آئی ٹی بی کی جانب سے اٹھائے جانے والے مختلف اقدامات پر روشنی ڈالی،جن کا مقصد خواتین کو بطور انٹرپرینیورز اور فری لانسرز با اختیار بنانا ہے تاکہ پنجاب میں ڈیجیٹل اور کاروباری نظام کو فروغ دیا جا سکے۔

(جاری ہے)

وفد میں ورلڈ بینک کی جانب سے ماہر معیشت ڈاکٹر کیتھرین ویبرنی اور کنسلٹنٹ ایمان فاروق جبکہ سی ای آر پی کی جانب سے ایسوسی ایٹ ڈائریکٹر عادل سعید اور سینئر ایسوسی ایٹ گورنمنٹ ریلیشنز عدیل عزیز شامل تھے۔

پراجیکٹ ڈائریکٹر پنجاب جاب سینٹر، ڈائریکٹر لیبر و ہیومن ریسورس ڈیپارٹمنٹ عمران حیدر ٹیپو اور پی آئی ٹی بی کے سینئر پروگرام منیجر شمس الاسلام بھی اس موقع پر موجود تھے۔اس حوالے سے پی آئی ٹی بی چیئرمین فیصل یوسف کا کہنا تھا کہ پنجاب جاب سینٹر کو خواتین کیلئے زیادہ قابل رسائی، محفوظ اور موثر پلیٹ فارم بنانا ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔ہم چاہتے ہیں کہ ہر خاتون کو روزگار، تربیت اور کاروبار کے مواقعوں تک آسان رسائی حاصل ہو اور ورلڈ بینک اور سی ای آر پی کے ساتھ یہ تعاون ہمارے ویژن کو مزید تقویت دے گا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات