جی سی ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ میں "آپریشن بُنْيَانٌ ا لمَّرْصُوْص" کی عظیم الشان کامیابی پر واک کا انعقاد

بدھ 14 مئی 2025 20:00

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مئی2025ء) گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ میں 10 مئی کو "آپریشن بُنْيَانٌ ا لمَّرْصُوْص" کی عظیم الشان کامیابی پر واک کا انعقاد کیا گیا جس میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شازیہ بشیر کی قیادت میں اساتذہ، انتظامی عملے اور طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔تقریب کے دوران وائس چانسلر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ افواجِ پاکستان نے ایک بار پھر یہ ثابت کیا ہے کہ وہ ملک کی خودمختاری، سالمیت اور عزت کی محافظ ہے۔

آپریشن بُنْيَانٌ المَّرْصُوْص کی کامیابی نے دنیا کو باور کرایا کہ پاکستان ایک مضبوط، پرعزم اور دفاعی طور پر ناقابلِ تسخیر قوم ہے۔ ہم آج کی اس تقریب کے ذریعے اپنی افواج کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں اور ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہونے کا اعادہ کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

واک کے دوران طالبات نے قومی پرچم اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر وطن سے محبت اور افواج پاکستان کی حمایت کے نعرے درج تھے۔

عوامی سطح پر اس آپریشن پر بھرپور ردعمل دیکھنے میں آیا۔ طالبات نے افواج پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم افواجِ پاکستان کی بہادری کو سلام پیش کرتے ہیں، جنہوں نے دشمن کے عزائم خاک میں ملا دیے۔پاکستان اپنی خودمختاری پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔جب قوم سو رہی تھی تو ہماری بری، بحری اور فضائی افواج وطن کا دفاع کر رہی تھیں۔ریلی کے اختتام پر شہدا اور ارض پاک کی سلامتی کےلئے خصوصی دعا کروائی گئی۔