وزیر داخلہ سندھ نے کراچی سے اسٹریٹ کرائم جلد ختم ہونے کی خوش خبری سنادی

جرائم کی بیخ کنی اور کریمنلز کا قلع قمع کرنے میں سیف سٹی پروجیکٹ ایک اہم ٹول ثابت ہوگا، ضیا الحسن لنجار

بدھ 14 مئی 2025 21:05

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مئی2025ء)وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے شہر قائد سے جلد اسٹریٹ کرائم کے خاتمے کی خوش خبری سنائی ہے۔تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ سندھ کی زیر صدارت سیف سٹی پروجیکٹ پر جاری امور کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا جس میں ڈی جی سیف سٹی آصف اعجاز شیخ نے اہم منصوبے پر مختلف حوالہ جات پر مشتمل تفصیلی بریفنگ دی۔

سیف سٹی پروجیکٹ کے تحت بلڈنگ و دیگر انفراسٹرکچرز کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ پروجیکٹ کے ابتدائی مرحلے میں ریڈ زون میں شامل ائیرہورٹ کلفٹن و شاہراہ فیصل میں کسی ایک کو جلد سے جلد مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ سیف سٹی پروجیکٹ کے ثمرات شہریوں تک منتقل کیئے جائیں، اس پروجیکٹ کی تکمیل سے حفاظتی اقدامات اور جرائم کے خلاف پولیس اقدامات کو مذید تقویت ملے گی۔

(جاری ہے)

وزیر داخلہ نے امید ظاہر کی کہ یہ منصوبہ اسٹریٹ کرائمز،ہائی ویز رابرز، دہشت گردوں اور سماج دشمن عناصر کے خلاف پولیس کا ایک مثر ہتھیار ثابت ہوگا اور اس سے کراچی میں اسٹریٹ کرائم میں واضح کمی ہوگی۔انہوں نے مزید امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ جرائم کی بیخ کنی اور کریمنلز کا قلع قمع کرنے میں سیف سٹی پروجیکٹ ایک اہم ٹول ثابت ہوگا۔اجلاس میں سیکریٹری داخلہ اقبال میمن، پروجیکٹ ڈائریکٹر این آر ٹی سی و دیگر نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :