شاہ نورانی میں ہیضہ کی وبا پھیل گئی تین خواتین جاں بحق، متعدد متاثر

بدھ 14 مئی 2025 21:25

حب(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مئی2025ء) شاہ نورانی میں ہیضہ کی وبا پھیل گئی تین خواتین جاں بحق، متعدد متاثر ۔ علاقائی ذرائع کے مطابق ضلع خضدار کے علاقے شاہ نورانی بڈھیجی میں ہیضہ کی وبا پھوٹ پڑی ہے جس کے نتیجے میں اب تک تین خواتین جاں بحق ہو چکی ہیں، جبکہ متعدد افراد اس بیماری سے متاثر ہوئے ہیں مقامی ذرائع کے مطابق، متاثرہ افراد کو فوری طبی امداد کی ضرورت ہے، تاہم علاقے میں صحت کی سہولیات کی کمی کے باعث صورتحال تشویشناک ہوتی جا رہی ہے شاہ نورانی کا علاقہ دشوار گزار پہاڑی سلسلوں پر مشتمل ہے، جس کی وجہ سے متاثرین تک بروقت طبی امداد پہنچانا مشکل ہو رہا ہے۔

(جاری ہے)

مقامی آبادی نے حکومت اور محکمہ صحت سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر میڈیکل ٹیمیں روانہ کی جائیں تاکہ وبا پر قابو پایا جا سکے اور مزید جانی نقصان سے بچا جا سکے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (ڈی ایچ او) خضدار سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر شاہ نورانی اور اس کے گردونواح میں میڈیکل ٹیمیں روانہ کریں، جو متاثرہ افراد کو طبی امداد فراہم کریں اور علاقے میں صفائی و حفظان صحت کے اقدامات کو یقینی بنائیں اہل علاقہ نے حکومت بلوچستان سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس وبا کو سنجیدگی سے لے اور فوری اقدامات کرے تاکہ مزید قیمتی جانوں کا ضیاع نہ ہو ید رہے کہ اس سے قبل بھی ضلع خضدار کے مختلف علاقوں میں وبائی امراض پھوٹ چکے ہیں، جن میں خسرہ اور دیگر بیماریاں شامل ہیں، جن کے باعث کئی قیمتی جانیں ضائع ہو چکی ہیں۔