تندور مالکان کی نان اور روٹی کی قیمتیں بڑھانے کی دھمکی

آٹے اور فائن کی قیمت ہول سیل اور اوپن مارکیٹ میں 300 سے 500 روپے بوری بڑھ گئی؛ نان بائی ایسوسی ایشن کا مؤقف

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 15 مئی 2025 15:03

تندور مالکان کی نان اور روٹی کی قیمتیں بڑھانے کی دھمکی
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 مئی2025ء ) تندور مالکان نے نان اور روٹی کی قیمتیں بڑھانے کی دھمکی دے دی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق نان بائی ایسوسی ایشن نے آٹے کی قیمت میں حالیہ اضافے کی وجہ سے روٹی، نان اور پراٹھے کی قیمتوں میں ممکنہ اضافے کا انتباہ دیا ہے، صورتحال کے پیش نظر پرائس کنٹرول کمیٹی کا اجلاس اس معاملے کا جائزہ لینے کے لیے مقرر کیا گیا ہے۔

نان بائی ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر شفیق عباسی کا کہنا ہے کہ آٹے اور فائن کی بوریوں کی قیمت ہول سیل اور اوپن مارکیٹ میں 300 سے 500 روپے تک بڑھ گئی ہے، اگر آٹے کے نرخ کم نہ کیے گئے تو آئندہ ہفتے ان اہم اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا جائے گا، آٹے کی 79 کلو کی بوری کی قیمت 5 ہزار 250 سے بڑھ کر 5 ہزار 750 روپے ہوگئی ہے، ٹرانسپورٹ اور ہینڈلنگ کے اخراجات شامل ہونے کے بعد تندور کی کل لاگت 5 ہزار 850 روپے تک پہنچ جاتی ہے۔

(جاری ہے)

دوسری طرف وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ جب گندم کی قیمت بڑھتی ہے تو آٹے کی قیمت بڑھتی ہے، مجھے اپنے لوگوں کے لئے آٹا سستا رکھنا ہے جو میری مجبوری بھی ہے، مجھے سخت فیصلے کرنا پڑتے ہیں، میرا بس چلے تو میں ہر کسان بھائی کے قدموں میں سارا کچھ رکھ دوں، پنجاب حکومت نے گندم پر کسانوں کو پانچ ہزار روپے فی ایکڑ سبسڈی دی ہے، کئی دہائیوں کے بعد پنجاب میں پہلی بار کھاد نہ مہنگی ہوئی نہ بلیک میں فروخت ہوئی، ہمارے تاریخی کسان پیکج سے کسانوں کو فائدہ ہورہا ہے، آج ایک ہزار کسانوں کو فری ٹریکٹرز دیئے جارہے ہیں، جن کسانوں کو ٹریکٹرز دیئے گئے انہوں نے بتایا کہ وہ پہلے ٹریکٹر کرائے پر لے کر چلاتے تھے لیکن آج وہ اپنے ٹریکٹر کے مالک بن گئے ہیں، کسان بھائیو کسی کے بہکاوے میں نہ آنا میرا دل آپ کے ساتھ ہے۔