Live Updates

پاکستان کی معیشت ڈوبنے کی پشین گوئی کرنے والے اب اسے معجزہ قرار دے رہے ہیں

مہنگائی کا 40فیصد سے تقریبا صفر پر آنا کسی معجزے سے کم نہیں، پیاز300 روپے کلو بکتا تھا اب 50 روپے میں مل رہا ہے، وزیراعظم بجلی کے نرخ نیچے لارہے ہیں، اب بل بھی کم آئے گا۔ وزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 15 مئی 2025 20:24

پاکستان کی معیشت ڈوبنے کی پشین گوئی کرنے والے اب اسے معجزہ قرار دے رہے ..
لاہور ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 15 مئی 2025ء ) وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے گندم کے کاشتکاروں کے لئے اہم اعلانات کیے،وزیراعلی مریم نواز شریف نے کسان کارڈ کے ذریعے لون ڈیڑھ لاکھ سے بڑھا کر 3لاکھ روپے کردیااورزرعی ٹیوب ویل کی سولرائزیشن پر 95فیصد تک سبسڈی کا اعلان کیا، کسان کارڈ نہ رکھنے والے کاشتکاروں کے لئے ایس ایم ایس اور ہیلپ لائن سسٹم لانچ کرنے کا اعلان کیا اور اگلے سال 20 ہزار کاشتکاروں کو سبسڈی پر گرین ٹریکٹر دینے اورہر تحصیل میں رینٹل ایگری کلچر مشینری سنٹرقائم کرنے کا اعلان بھی کیا۔

وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے کالاشاہ کاکو رائس ریسرچ انسٹی ٹیوٹ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سب سے پہلے کاشتکاروں بھائیوں کو آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے وزیراعظم محمد شہباز شریف،آرمی چیف جنرل عاصم منیر،پاک فوج کے ہر افسر اورجوان کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے رینجرز،پولیس،سول ڈیفنس،انتظامیہ اور تمام سرکاری اداروں کو شاباش دی۔

وزیراعلی مریم نواز شریف نے اپنے خطاب میں مزیدکہا کہ افواج پاکستان پر فخر ہے،قوم نے متحد ہو کر ملک کی سلامتی کیلئے اہم کردار ادا کیا۔ پاکستان ہے تو ہم ہیں،کاشتکار ہے،زمینیں ہیں اور خوشحالی ہے۔اللہ تعالی ملک کو تاقیامت سلام رکھے۔جب ملکی سلامتی کی بات ہو تو کوئی اختلاف اور تقسیم نہیں ہونی چاہیے۔نفرت کی سیاست نے پاکستان کو کیا دیا؟نفرت کی سیاست ختم ہوئی تو پاکستان ترقی کی راہ پر چل نکلا۔

وزیراعلی مریم نواز شریف نے کہا کہ جنگ شروع ہوئی تو لوگ کہتے تھے کہ یہ چھوٹا سا ملک ہے اور یہ سب آپس میں لڑتے رہتے ہیں۔اللہ تعالی نے مدد کی اوردشمن کو دھول چٹائی۔اللہ تعالی کی مدد،بدنیت اور نفرتیں پیدا کرنے والوں پر نہیں آتیں،سیاسی، عسکری قیادت عوام اور میڈیا نے جنگ کے دوران بھرپور ساتھ دیا۔وزیراعلی مریم نواز شریف نے کہا کہ کسان بھائیوں،کاشتکاروں اور عوام کی طرف سے سیاسی اور فوجی قیادت کو سلام پیش کرتے ہیں۔

یہ سرحدوں کی جنگ نہیں بلکہ نظریہ اور جذبوں کی جنگ تھی۔جنگ میں فتح کے بعد دنیا بھر میں پاکستان کو مضبوط اور طاقتور ملک تسلیم کیا جارہے۔ چین، ترکیہ اوروسط ایشیائی ممالک کا پاکستان کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے ہونا تاریخی فتح ہے۔وزیراعلی مریم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان کی معیشت ڈوبنے کی پشین گوئی کرنے والے اب اسے معجزہ قرار دے رہے ہیں۔پاکستان کی اکانومی معجزہ بن چکی ہے،40فیصد سے تقریبا صفر پر مہنگائی کا آنا معجزے سے کم نہیں۔

انہوں نے کہا کہ لاہور کے دورے کے دوران خاتون نے سبزیوں کے نرخ کم ہونے پر مبارکباد دی۔پنجاب میں جو پیاز 300 روپے کلو بکتا تھا، 50 روپے میں مل رہا ہے۔غریب کے لئے آٹے اور روٹی کے نرخ کم ہونے کی وجہ سے پیٹ بھر کر کھانا آسان ہوا ہے۔ وزیراعلی مریم نواز شریف نے کہا کہ نااہل حکومت کی وجہ سے سابقہ دور میں بجلی کے بلوں میں ہوشربا اضافہ ہوا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف محنت کرکے بجلی کے نرخ نیچے لارہے ہیں۔

بجلی کے نرخ کم ہونے کی وجہ سے اب بجلی کا بل بھی کم آئے گا۔ اوورسیز پاکستانیوں کو پیسے بھیجنے سے روکا گیا تھا مگراللہ کی مدد سے ریکارڈزرمبادلہ آرہا ہے۔ وزیراعلی مریم نواز شریف نے کہا کہ مفت ٹریکٹر حاصل کرنے والے کاشتکاروں کو مبارکباد پیش کرتی ہوں۔ کیش سپورٹ پر مبارکباد دیتی ہوں،شور مچایا گیا کہ کسان رل گئے۔کسان بھائیوں سے دوریاں پیدا کرنے کی کوششیں ناکام ہوئیں۔

وزیراعلی مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب کے کسان تاریخی پیکج سے مستفید ہورہے ہیں۔کسان بھائیوں نے پراپیگنڈے پر کان نہیں دھرے اور میری اپیل پر گندم اگائی۔میں نے کہا کہ کاشتکار بھائی بے دھڑک گندم اگائیں،نقصان نہیں ہونے دیں گے۔وزیراعلی مریم نواز شریف نے کہا کہ گندم کی سپورٹ پرائس کی بجائے کاشتکار کو ڈائریکٹ سبسڈی دے رہے ہیں۔روٹی اورآٹا سستا ہونے کی وجہ سے غریب کے لئے پیٹ بھرنا آسان ہو گیا ہے۔

چاہتی ہوں تمام وسائل کسان بھائیوں کے قدموں میں رکھ دیں لیکن توازن قائم کرنے کے لئے بعض سخت فیصلے بھی کرنے پڑتے ہیں۔وزیراعلی مریم نواز شریف نے کہا کہ گندم کے کاشتکاروں کو 5 ہزار فی ایکڑ سپورٹ پرائس دی جارہی ہے۔ بیج،کھاد اور پیسٹی سائز،ٹیوب ویل کے بجلی بل اور ڈیزل کا خرچ کم کرنے کی پوری کوشش کررہے ہیں۔ لوگوں نے کہا کسان کو قرض نہ دو،واپس نہیں ملے گا۔

کسان کارڈ سے 85فیصد رقوم واپس ہو چکی ہیں۔ وزیراعلی مریم نواز شریف نے کہا کہ پہلے محمد نواز شریف کی حکومت میں گرین ٹریکٹر ملے، اب بھی نواز شریف کی حکومت آئی ہے تو گرین ٹریکٹر مل رہے ہیں۔ گندم کی کاشت کے موسم میں بیج اور پیسٹی سائز مہنگی اور کھاد کی قلت ہو جاتی تھی۔اللہ تعالی کے فضل وکرم سے سب کو مناسب قیمت پر وافر کھاد ملتی رہی۔وزیراعلی مریم نواز شریف نے کہا کہ اس سال جلد بوائی کی وجہ سے کاٹن 30 سے 40فیصد زیادہ ہو گی اور پیداوار6 ملین گانٹھیں ہوں گی۔

کاشتکار بھائی کسی کے بہکاوے میں نہ آئیں، ہمارا دل آپ کے ساتھ ہے۔ اگلا آنے والا سال مزید بہتری اور خوشحالی لائے گا۔وزیراعلی مریم نوا شریف نے کہا کہ خواہش ہے کہ ہر کاشتکار خوشحال ہو اور پاکستان زراعت کے شعبے میں سب سے آگے ہو۔رزق اللہ تعالی دیتا ہے لیکن زمین پر رزق اگانے کے لئے کاشتکار محنت کرتا ہے۔وزیراعلی مریم نواز شریف نے صوبائی وزیر زراعت عاشق کرمانی،سیکرٹری زراعت افتخار سہو اور پورے ایگری کلچر ڈیپارٹمنٹ کو شاباش بھی دی۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات