Live Updates

حکومت ایل او سی متاثرین کے مکانوں کی تعمیر کے لئے خطیر رقم مختص کرے،راجہ سجاداحمد ایڈووکیٹ

جمعرات 15 مئی 2025 17:04

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2025ء)راجہ سجاد احمد خان ایڈووکیٹ نے وزیراعظم پاکستان کی جانب سے شہداء اور زخمیوں کے لئے پیکج کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے حکومت پاکستان وآزادکشمیر سے مطالبہ کیا ہے کہ ایل او سی متاثرین جو دوران گولہ باری بے گھر ہوئے ہیں ان کے مکانوں کی تعمیر کے لئے خطیر رقم مختص کرے اور جلد از جلد متاثرین کو وہ رقم دی جائے تاکہ کوئی بھی متاثرہ شخص بے گھر نہ ہو ان خیالات کا اظہار انھوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انھوں نے کہا کہ حکومت آزادکشمیر متاثرین ایل او سی کو ان کے گھروں میں مورچی(حفاظتی بنکرز)تعمیر کر کے دے تاکہ وہ گولہ باری کے دوران اپنے گھروں کے بنکرز میں جا کر اپنی جان بچا سکیں۔

(جاری ہے)

ان کا مزید کہنا تھا کہ ایل او سی کے مکین آئے روز مسائل کی دلدل میں دھنستے جا رہے ہیں گولہ باری سے بہت سے مکین شہید و زخمی ہوئے مکینوں کے گھروں کو نقصان پہنچا ایسے وقت میں اگر ایل او سی متاثرین کے گھروں میں حفاظتی مورچے ہوتے تو بہت سارے ایل او سی مکین بھارتی گولہ باری سے محفوظ رہتے۔ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت اور حکومت آزادکشمیر جلد از جلد متاثرین ایل او سی کے جملہ مسائل حل کرے تاکہ وہ اپنی زندگی سکھ اور چین سے گزار سکیں۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات