چارسدہ،زمین کے تنازع پر مسلح جھڑپ ،علاقہ میدانِ جنگ بن گیا، فائرنگ سے دو افراد جاں بحق

جمعرات 15 مئی 2025 23:20

چارسدہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2025ء)زمین کے تنازع پر مسلح جھڑپ سے علاقہ میدانِ جنگ بن گیا، فائرنگ سے دو افراد جاں بحق ہوگئے۔ذرائع کے مطابق چارسدہ کے علاقے دوسہرہ عزیز آباد میں زمین کے تنازع نے خونریز شکل اختیار کر لی، جہاں دو فریقین کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں دو افراد جاں بحق ہو گئے۔ واقعے کے بعد علاقہ میدانِ جنگ کا منظر پیش کرتا رہا۔

ذرائع کے مطابق معاملہ اس وقت شروع ہوا جب آدم خان نے چند سال قبل اپنی بیوی سے علیحدہ ہو چکے تھے ۔ بیوی کو حق مہر کے طور پر 10ایکڑ زرعی زمین دی گئی تھی جو عزیز آباد میں واقع ہے۔ بعد ازاں خاتون نے یہ زمین افضل خان کو فروخت کر دی۔مقامی ذرائع کے مطابق زمین کی ملکیت کا اندراج نکاح سے قبل کیا گیا تھا تاہم آدم خان اس زمین کو خاتون کے ذریعے کسی تیسرے فرد کو منتقل کیے جانے پر خوش نہیں تھا اور اس کے بدلے نقد ادائیگی کیلئے تیار تھا مگر سابق بیوی ،سابق شوہر سے لین دین کے حق میں نہیں تھیں اور زمین افضل خان کو فروخت کردی ۔

(جاری ہے)

جمعرات کو افضل خان اپنے مسلح افراد کے ہمراہ زمین پر قبضے کی نیت سے پہنچا جس پر آدم خان بھی اپنی پرائیویٹ فورس کے ساتھ وہاں پہنچا اور زمین پر قبضے سے روکنے کی کوشش کی، بات چیت ناکام ہونے پر دونوں گروپوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ شروع ہو گیا۔فائرنگ کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ دیگر کئی افراد موقع سے فرار ہو گئے۔ مقامی عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ پر 100سے زائد افراد موجود تھے جن کے پاس خودکار ہتھیار تھے۔پولیس نے موقع پر پہنچ کر صورتِ حال پر قابو پانے کی کوشش کی اور تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔