Live Updates

پاکستانی افواج نے بھارت کو سبق سکھایا جسے وہ صدیوں یاد رکھے گا‘جہانگیر ترین

دنیا میں کہیں ایسا نہیں دیکھا گیا کہ کسی ملک پر بغیر ثبوتوں کے الزامات لگائے جائیں اور پھر حملہ بھی کر دیا جائے،میڈیاسے گفتگو

جمعرات 15 مئی 2025 21:35

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2025ء)معروف سماجی شخصیت جہانگیر خان ترین نے کہا ہے کہ بھارت نے طاقت کے نشے میں پاکستان پر حملہ کیا لیکن پاکستانی افواج نے بھارت کو وہ سبق سکھایا جسے وہ صدیوں یاد رکھے گا، دنیا میں کہیں ایسا نہیں دیکھا گیا کہ کسی ملک پر بغیر ثبوتوں کے الزامات لگائے جائیں اور پھر حملہ بھی کر دیا جائے ۔

ایم ٹی بی سی کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے جہانگیر خان ترین نے کہا کہ بھارت نے اپنے حجم اور معیشت کی طاقت کے نشے میں جارحیت کی کوشش کی ،بھارت سمجھتا تھا کہ وہ پاکستان کو سبق سکھائے گا، اس نے طاقت کے زعم میں حملہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کا ایک واقعہ ہوا ہے آپ کے پاس اس کے کوئی ثبوت نہیں ہے اور آپ کسی ملک کو مورد الزام ٹھہرا دیں تو یہ ایک غیر ذمہ دارانہ عمل ہے۔

(جاری ہے)

بھارت نے مسجدیں شہید کی اور نہتے لوگوں کو شہید کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں پاکستان آرمی، پاکستان ائیر فورس اور پائلٹس کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں. انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ساری دنیا کے سامنے بھارت کی حقیقت ظاہر کی ہے اوریہ سب سے بڑا کمال ہے۔پاک فوج کے جوانوں کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کو چند گھنٹوں میں ہی گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا،پاک فضائیہ کے شاہینوں نے شجاعت کی لازوال داستان رقم کی ہے اور پوری قوم انہیں خراج تحسین پیش کرتی ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات