ججز تبادلہ اور سنیارٹی کیس،5ججز نے تحریری جواب سپریم کورٹ میں جمع کرادیا

عدلیہ کی آزادی پر سمجھوتہ کرنے والا جج اعتماد کا اہل نہیں ہوسکتا، جواب

جمعرات 15 مئی 2025 22:10

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2025ء)ججز تبادلہ اور سنیارٹی کیس میں درخواست گزار 5ججز نے تحریری جواب سپریم کورٹ میں جمع کرا دیا۔ذرائع کے مطابق ججز تبادلہ اور سنیارٹی کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے 5ججز کی جانب سے سپریم کورٹ میں جمع کروائے گئے جواب میں معزز ججز نے موقف اختیار کیا کہ ہم نے عدالتی عہدے عوامی خدمت کے جذبے سے قبول کیے اور مالی فوائد کی قربانی دی، انصاف کی فراہمی خدا کی امانت ہے، اس کا حساب دنیا اور آخرت میں دینا ہے، عدلیہ کی آزادی پر سمجھوتہ کرنے والا جج اعتماد کا اہل نہیں ہوسکتا۔

جواب میں کہا گیا کہ ہم ذاتی فائدے نہیں، آئین کی بالادستی کیلئے عدالت آئے ہیں، اسلام آباد ہائیکورٹ کی آزادی اور تقدس پر حملہ ناقابلِ قبول ہے، ہائیکورٹ صرف چیف جسٹس کا ادارہ نہیں، تمام ججز اس کا حصہ ہیں، ججز کیلئے ضروری ہے کہ وہ اپنے دور میں ہونے والے اقدامات کی ذمہ داری لیں۔

(جاری ہے)

ججز نے تحریری جواب میں کہا کہ ہم نے عدالتی خود مختاری کے تحفظ کیلئے آخری راستہ اپنایا ہے، یہ درخواست ہمارے نام سے ہے مگر انصاف اسلام آباد ہائیکورٹ اور عوام کیلئے مانگا گیا ہے، ہم جانتے ہیں کہ ہمیں عوام، تاریخ اور رب کے سامنے جواب دہ ہونا ہے۔

ججز نے لکھا کہ جب وقت کڑا آیا، ہم آئین، قانون کی حکمرانی اور عدلیہ کی آزادی کے لیے کھڑے ہوئے، عدلیہ کی آزادی اور عوامی بھلائی کے لیے ہم نے آواز بلند کی، تاریخ گواہ رہے گی کہ ہم نے اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کیا۔