گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کی مزار اقبال پر حاضری

جمعہ 16 مئی 2025 14:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2025ء) معرکہ حق میں تاریخی فتح اور یوم تشکر کے موقع پر گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے مزار اقبال پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔ اس موقع پر بادشاہی مسجد کے خطیب مولانا عبدالخبیر آزاد بھی موجود تھے۔تقریب کے دوران ملک کی سلامتی، استحکام اور ترقی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ آج پوری قوم یوم تشکر منا رہی ہے، اللہ تعالی نے پاکستان کو ایک بہت بڑی فتح سے نوازا ہے۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب نے افواج پاکستان اور سپہ سالار کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ افواج پاکستان نے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے، ہم ان کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے بھارت کو شکست دے کر اس کا غرور توڑا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کے پاس ہم سے زیادہ وسائل ہیں لیکن ایمان، اتحاد اور جذبے کی طاقت سے ہم نے دشمن کو شکست دی۔ ہم جنگ نہیں چاہتے، ہم پرامن لوگ ہیں، لیکن اگر جنگ ہم پر مسلط کی جائے تو ہم اس کا جواب دینا جانتے ہیں۔گورنر پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے اس مسلط شدہ جنگ میں سرخرو ہو کر نہ صرف ملک کی عزت و وقار کو بلند کیا بلکہ گرین پاسپورٹ کی عالمی سطح پر قدر و قیمت میں بھی اضافہ ہوا۔