بانی پی ٹی آئی کے پولی گرافک اور فوٹو گرامیٹک ٹیسٹ کی اجازت دینے کا تحریری فیصلہ جاری

جمعہ 16 مئی 2025 14:54

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2025ء) لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے پراسیکویشن کی درخواست پر 12 مقدمات میں بانی پی ٹی آئی کے پولی گرافک اور فوٹو گرامیٹک ٹیسٹ کی اجازت دینے کا تحریری فیصلہ جاری کردیا۔عدالت نے قرار دیا کہ پولی گرافک اور وائس میچنگ ٹیسٹ کا فائدہ ملزم اور پراسیکیوشن دونوں کو ہو سکتا ہے۔ بانی پی ٹی آئی پر لگے الزامات کی سچائی جاننے کے لئے یہ ٹیسٹ مددگار ثابت ہوگا۔

انسداد دہشتگری عدالت لاہور کے جج منظر علی گل نے جمعہ کو 6 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا۔ عدالت نے تفتیشی افسر کو 26 مئی تک پولی گرافک، فوٹو گرامیٹک اور وٹس ایپ میچنگ ٹیسٹ مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔ عدالت نے تحریر کیا کہ سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل تفتیش متعلقہ ٹیسٹوں کے حوالے سے جیل میں ہی تمام تر انتظامات کرے۔

(جاری ہے)

بانی پی ٹی آئی پر لگے الزامات کی سچائی جاننے کے لئے یہ ٹیسٹ مددگار ثابت ہوگا۔

یہ ٹیسٹ قابل قدر اور بیکار شواہد کے درمیان فرق کرنے کی مخلصانہ کوشش ہوگی۔ تفتیشی افسر ان ٹیسٹوں کی روشنی میں ہی درست نتائج تک پہنچے گا۔ عدالت نے تحریر کیا کہ بانی پی ٹی آئی کے وکیل نے اعتراض اٹھایا کہ ٹیسٹوں کی درخواست 727 دنوں بعد دائر کی گئی ہے جبکہ پراسیکیوشن کے مطابق، وہ بانی پی ٹی آئی کے جسمانی ریمانڈ اور پولی گرافک ٹیسٹ کے لئے متعدد عدالتوں سے رجوع کرتے رہے۔

بانی پی ٹی آئی کے وکیل کے مطابق، پراسیکیوشن نے ٹیسٹوں کے لئے ایک ہی نوعیت کی 12 درخواستیں دائر کیں۔ جج منظر علی گل نے لکھا کہ پراسیکیوشن کا عمل یہ ثابت کرتا ہے کہ وہ اس معاملے کو کھینچنا نہیں چاہتے۔عدالت نے تحریر کیا کہ اے ٹی سی لاہور نے بانی پی ٹی آئی کو سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کے زریعے بانی پی ٹی آئی کو دو بار نوٹس بھیجے۔ بانی پی ٹی آئی نے ٹیسٹ کروانے کی درخواست کے نوٹس وصول کرنے سے انکار کردیا۔ تفتیشی افسر آئندہ سماعت پر ٹیسٹوں سے متعلق رپورٹ جمع کرائیں۔