Live Updates

کنٹونمنٹ بورڈ سرگودہا کے زیر اہتمام یوم تشکر جوش وجذبہ سے منایا گیا

جمعہ 16 مئی 2025 17:52

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2025ء) ڈائریکٹر جنرل ملٹری لینڈز اینڈ کنٹونمنٹس میجر جنرل عرفان احمد ملک کی خصوصی ہدایت پر کنٹونمنٹ بورڈ سرگودہا کے زیر اہتمام یوم تشکر جوش وجذبہ سے منایا گیا۔ تقریبات کا آغاز نماز فجر سے ہوا ،ملک وقوم کی سلامتی کی دعائیں اور قرآن خوانی کے علاوہ شہداء کرام کیلئے دعائے مغفرت اور درجات کی بلندی ، استحکام پاکستان او رملک وقوم کی ترقی کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں ۔

مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے کنٹونمنٹ بورڈ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کنٹونمنٹ ایگزیکٹو آفیسر ارسلان حیدر نے کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص نے بھارتی بالادستی کا خواب چکنا چور کر دیا ہے ۔ دشمن نے رات کے اندھیرے میں حملہ کرکے جس بزدلی کا مظاہرہ کیا مسلح افواج اور پاکستانی قوم نے اسے بری طرح ناکام بنا دیا ، پاکستانی قوم اپنے ملک کے دفاع کے لئے سیسہ پلائی دیوار بن گئی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 10مئی کی صبح پاکستان کی مسلح افواج نے بھارت پر تابڑ توڑ حملے کرکے اس کا غرور خاک میں ملا دیا پاک فضائیہ کے شاہینوں نے جس جرات دلیری سے بھارت کے اندر جاکر کارروائی کی اسے پوری دنیا نے دیکھا ۔ وائس پریزیڈنٹ چوہدری عمران گھمن نے کہا کہ یہ دن اللہ رب العزت کے حضور سجدہ شکر بجا لانے کادن ہے ۔ پوری پاکستانی قوم کو اس کامیابی پر فخر ہے اور افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ، پاک فضائیہ کے شاہینوں کا دنیا میں کوئی ثانی نہیں ۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات