عید سے قبل مہنگائی کا طوفان پھر سے بے قابو ہونا شروع

1 ہفتے میں چکن، انڈوں، چینی، دالوں سمیت 18 اشیاء مزید مہنگی ہو گئیں

muhammad ali محمد علی جمعہ 16 مئی 2025 18:50

عید سے قبل مہنگائی کا طوفان پھر سے بے قابو ہونا شروع
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 مئی2025ء) عید سے قبل مہنگائی کا طوفان پھر سے بے قابو ہونا شروع، 1 ہفتے میں چکن، انڈوں، چینی، دالوں سمیت 18 اشیاء مزید مہنگی ہو گئیں۔ تفصیلات کے مطابق عید الاضحٰی کی آمد میں 3 ہفتوں سے بھی کم وقت باقی رہ جانے پر ملک میں مہنگائی کے طوفان نے دوبارہ سے شدت اختیار کرنا شروع کر دی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ ہفتہ وار رپورٹ سے معلوم ہوتا ہے کہ ملک میں مسلسل تیسرے ہفتے مہنگائی کی شرح میں اضافہ ہوا۔

رواں ہفتے کے دوران ملک میں ہفتہ وار مہنگائی میں اضافے کی شرح 1.03 فیصد جبکہ سالانہ بنیاد پر مہنگائی 1.29 فیصد کی سطح پر رہی ہے۔ وفاقی ادارہ شماریات کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق حالیہ ایک ہفتے کے دوران 18 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ جبکہ 12 اشیاء کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے اور 21 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

(جاری ہے)

ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق رواں ہفتے کے دوران زندہ چکن کی قیمت میں 15.95 فیصد، انڈوں کی قیمت میں 8.34 فیصد، چینی کی قیمت میں1.97 فیصد، لانگ کلاتھ کی قیمت میں 1.74 فیصد، خشک پاوڈر دودھ کی قیمت میں 1.59 فیصد، گڑ کی قیمت میں1.48 فیصد، دال چنا کی قیمت میں 0.94 فیصد،لان پرنٹڈ کی قیمت میں 0.77 فیصد، مٹن کی قیمت میں 0.62 فیصد، بیف کی قیمت میں 0.49 فیصد اور انرجی سیور کی قیمت میں 0.31 فیصد اضافہ ہوا۔

رپورٹ کے مطابق ٹماٹرکی قیمت میں 5.20 فیصد، لہسن کی قیمت میں 3.45 فیصد، پیازکی قیمت میں 2.57 فیصد، آلو کی قیمت میں 1.93 فیصد، چائے کی پتی کی قیمت میں 1.14 فیصد،باسمتی ٹوٹا چاول کی قیمتوں میں0.54 فیصد، ویجیٹیبل گھی کی قیمتوں میں0.38 فیصد اور ایل پی جی کی قیمت میں 0.90 فیصد کمی واقع ہوئی۔ وفاقی ادارہ شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق حالیہ ہفتے کے دوران حساس قیمتوں کے اعشاریہ کے لحاظ سے سالانہ بنیادوں پر 17 ہزار 732روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی میں اضافے کی شرح0.92فیصد اضافے کے ساتھ0.42 فیصد رہی۔

اسی طرح 17 ہزار 733روپے سے 22 ہزار 888روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی میں اضافے کی شرح 1.02فیصد کمی کے ساتھ 0.08فیصد، 22 ہزار 889روپے سے 29 ہزار 517 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی میں اضافے کی شرح 0.98فیصد اضافے کے ساتھ 0.99فیصد اضافہ رہی۔ 29 ہزار 518روپے سے 44ہزار 175 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی میں اضافے کی شرح 1.06 فیصد اضافے کے ساتھ 1.84فیصد رہی جبکہ 44 ہزار 176 روپے ماہانہ سے زائد آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی میں اضافے کی شرح 1.03 فیصداضافے کے ساتھ 2.32فیصد رہی۔