صوابی، آبپاشی تنازعہ پر فائرنگ ،ایک شخص جاں بحق ،راہگیر سمیت دو شدید زخمی

جمعہ 16 مئی 2025 21:10

صوابی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مئی2025ء)موضع دوبیان خورو میں آبپاشی کے تنازعہ پر فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق جبکہ راہگیر سمیت دو شدید زخمی ہوگئے ، پولیس تھانہ یارحسین کی رپورٹ کے مطابق شیراز ولد دلدار خان سکنہ خورو دوبیان نے زخمی حالت میں ایف آئی آر درج کراتے ہوئے بتایا کہ وہ اپنے بھتیجے اسامہ کے ہمراہ جمعہ کی صبح اپنے کھیتوں واقع ڈھیری ونڈ میں فضل تمباکو کی آبپاشی میں مصروف تھے کہ اس دوران جان شیر ، اول خان ، گلاب شیر اور امان شیر ساکنان کگو نے مسلح آکر لختی ( ناکی)پر پانی نہ لے جانے پر آمادہ فساد ہو کر ہم پر فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجے میں وہ اپنے بھتیجے اسامہ اور ایک راہگیر شمس الاسلام سمیت شدید زخمی ہوگئے ، وجہ عناد لختی ناکے پر پانی نہ لے جانے اور بند کرنے پر تنازعہ بیان کی ہے ، مجروح شیراز بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لا کر چل بسا ۔