شزہ فاطمہ خواجہ کا بھارتی جارحیت کے خلاف شاندار فتح پر مسلح افواج کو خراج تحسین ،شہدا کو خراج عقیدت

پاکستان کے عوام یکجہتی کے ساتھ اس تاریخی اور باوقار رد عمل پر اللہ تعالی کا شکر ادا کرتے ہیں جو بھارتی جارحیت کے خلاف دیا گیا،پیغام

جمعہ 16 مئی 2025 22:20

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مئی2025ء)وفاقی وزیر آئی ٹی شزہ فاطمہ خواجہ نے بھارتی جارحیت کے خلاف شاندار فتح پر مسلح افواج کو خراج تحسین اور شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ جمعہ کو یوم تشکر کے موقع پر شزہ فاطمہ خواجہ نے کہاکہ پاکستان کے عوام یکجہتی کے ساتھ اس تاریخی اور باوقار رد عمل پر اللہ تعالی کا شکر ادا کرتے ہیں جو بھارتی جارحیت کے خلاف دیا گیا۔

انہوں نے وزیر اعظم شہباز شریف کی دور اندیش قیادت اور مسلح افواج کے سربراہان جن میں سپہ سالار جنرل سید عاصم منیر، ایئر مارشل ظہیر بابر سدھو اور چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف شامل ہیں، کی قیادت میں پاک فوج کی بے مثال بہادری اور پیشہ وارانہ مہارت کی تعریف کی۔ وفاقی وزیر نے سپاہیوں اور شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا جن کی قربانیوں نے ملک کی خود مختاری اور سلامتی کو یقینی بنایا۔

(جاری ہے)

شزہ فاطمہ نے کہا کہ پاکستان کا کامیاب دفاع صرف میدان جنگ تک محدود نہیں تھا، آج کی باہم جڑی ہوئی دنیا میں خطرات صرف زمینی سرحدوں تک محدود نہیں رہتے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ معرکہ حق اور آپریشن بنیان مرصوص کے دوران مسلح افواج کے شانہ بشانہ قومی سائبر سسٹمز بھی مکمل طور پر ہائی الرٹ پر تھے اور مربوط حکمت عملی کے تحت اہم ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کے تحفظ کو یقینی بنایا گیا۔

وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی نے متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر بروقت رد عمل کے پروٹوکولز اور محفوظ و ڈیجیٹل رابطہ نظام کو فعال اور موثر طریقے سے برقرار رکھا۔انہوں نے کہا کہ یہ دن صرف عسکری فتح کا جشن نہیں بلکہ قومی اتحاد، ادارہ جاتی ہم آہنگی اور اجتماعی حوصلے کی علامت ہے، سیاسی قیادت، سول سوسائٹی، میڈیا اور دفاعی اداروں نے یکجان ہو کر ملک کی حفاظت کی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم اپنے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، اپنے ہیروز کا احترام کرتے ہیں اور ایک محفوظ اور خود مختار پاکستان کے لئے اپنے عزم کو دہرایا ہے، چاہے وہ زمینی میدان ہو یا سائبر سپیں۔