Live Updates

آرٹس کونسل سرگودھا میں یوم تشکر کے حوالے سے تقریب منعقد

ہفتہ 17 مئی 2025 14:16

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2025ء) آرٹس کونسل سرگودھا میں یوم تشکر کے سلسلے میں تقریب منعقد ہوئی۔تقریب میں مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا، جس کے بعد قومی ترانہ پیش کیا گیا۔ اس تقریب میں مختلف سکولوں کے بچوں نے ملی نغمے، ٹیبلوز اور تقاریر کے ذریعے شہداکو خراجِ عقیدت پیش کیا اور اپنی مسلح افواج کی فتح کا جشن منایا ۔

تقریب کے مہمانِ خصوصی صوبائی وزیر مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ نے شرکا کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم کوفتح مبارک ہو۔پاک فضائیہ کے دلیر اور جانباز شاہینوں نے متکبر دشمن کا غرور خاک میں ملا دیا۔افواج پاکستان کی شاندار کامیابی اور فتح پر اللہ تعالیٰ کا شکر بجا لاتے ہیں۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ”آپریشن بنیان مرصوص“ نڈر لیڈرشپ،دلیر افواج پاکستان اور متحد قوم کے غیر متزلزل اتحاد کا مرہون منت ہے۔

امن کے داعی ہیں لیکن جارحیت کا منہ توڑ جواب دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یومِ تشکر صرف ایک تقریب نہیں بلکہ اس عزم کی تجدید ہے کہ ہم شہدا کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔ دشمن چاہے کتنا ہی چالاک ہو، ہماری افواج اور عوام ایک سیسہ پلائی دیوار بن کر اس کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیں گے۔ آج جو چراغ ہم نے جلائے ہیں، وہ صرف یادگار نہیں، یہ اس روشنی کی علامت ہیں جو شہدانے اپنے لہو سے پیدا کی۔

ہم وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں ایک محفوظ، ترقی یافتہ اور باوقار پنجاب کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نےکہا کہ مودی کے اس قدم نے ہمیں متحد کر دیا ہے، ہمیں اپنے بچوں میں وطن سے محبت پروان چڑھانا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ جنگیں ہمیشہ جذبے سے لڑی جاتی ہیں ، پاکستان ہمیشہ زندہ باد رہے گا۔ صوبائی وزیر نے خود بھی نعرے لگوائے۔

اس موقع پرپاک فضائیہ کے افسر گروپ کیپٹن شفقت نے اپنے خطاب میں کہاکہ ہم نے مادرِ وطن کے تحفظ کا حلف لیا ہے، اور جب بھی وطن کی طرف کوئی میلی آنکھ اٹھی، ہماری فضائیں گرجیں گی، ہمارے بازو لرزیں گے نہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ سب سے پہلے ہم اللہ کے شکر گزار ہیں جس نے ہمیں آج یوم تشکر منانے کا موقع دیا ۔ انہوں نے کہا کہ اس جنگ میں جس اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کیا گیا وہ ہمیں ہمیشہ برقرار رکھنا ہوگا۔

اس قوم کا بچہ بچہ ملک کے لیے جان دینے کو تیار ہے۔ گروپ کیپٹن شفقت نے کہا کہ عوام کے تعاون کے بغیر جنگ لڑی نہیں جا سکتی، ہم جب سرحدوں پر کھڑے ہوتے ہیں توعوام کی دعائیں ہماری حفاظت کر رہی ہوتی ہیں۔ تقریب کے اختتام پر زونل خطیب قاری وقار احمد عثمانی نے ملک و قوم کی سلامتی، شہداکے درجات کی بلندی اور پاکستان کے استحکام کے لیے اجتماعی دعا کروائی ،جس نے فضا کو روحانیت سے بھر دیا۔ تقریب میں نظامت کے فرائض ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم نے ادا کیے۔بعد ازاں آرٹس کونسل کمپلیکس کے باہر آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا، جسے شرکانے پرجوش انداز میں سراہا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات