Live Updates

پاکستانیوں کیلئے 32 سے زائد ممالک میں بغیر ویزہ انٹری کی سہولت

بعض ملک دنیا کے سب سے زیادہ کھلے ممالک میں شامل ہیں جو تقریباً 198 ممالک کو بغیر ویزہ کے رسائی فراہم کرتے ہیں

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 17 مئی 2025 15:06

پاکستانیوں کیلئے 32 سے زائد ممالک میں بغیر ویزہ انٹری کی سہولت
دبئی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 مئی2025ء ) متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی 32 سے زائد ممالک میں بغیر ویزہ انٹری کی سہولت حاصل کرسکتے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق افریقہ، اوشیانا اور ایشیاء کے بعض ممالک کو غیرملکیوں کے لیے دنیا کے سب سے زیادہ کھلے ممالک میں شمار کیا گیا ہے کیوں کہ یہ دوسرے تمام ممالک کے شہریوں کو بغیر ویزہ کے داخلے کی اجازت دیتے ہیں، عالمی رہائش اور شہریت کے سرمایہ کاری پروگرام فراہم کرنے والی فرم Henley & Partners کا کہنا ہے کہ افریقہ کے آٹھ ممالک، اوشیانا کے تین اور ایشیا کا ایک ملک دنیا کے سب سے زیادہ کھلے ممالک میں شامل ہیں جو تقریباً 198 ممالک کو بغیر ویزہ کے رسائی فراہم کرتے ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ افریقہ کے وہ ممالک جو بغیر ویزا رسائی دیتے ہیں، ان میں کینیا، برونڈی، کیپ وردے آئی لینڈز، کوموروس آئی لینڈز، جبوتی، گنی بساؤ، موزمبیق اور روانڈا شامل ہیں، اس فہرست میں شامل اوشیانا کے ممالک مائکرونیشیا، ساموا اور تووالو ہیں، ایشیا کا واحد ملک تیمور لیسٹے ہے جو تمام قومیتوں کو بغیر ویزہ کے داخلے کی اجازت دیتا ہے، ان 12 ممالک میں جو تمام ممالک کے شہریوں کے لیے کھلے ہیں، کینیا سیاحتی مقاصد کے لیے سب سے زیادہ مشہور ہے، خاص طور پر سفاری کے لیے یہ ملک نمایاں ہے جہاں پچھلے سال 24 لاکھ سیاحوں نے وزٹ کیا جو کہ 15 فیصد اضافہ ہے۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ متحدہ عرب امارات میں 200 سے زائد قومیتوں کے افراد رہتے ہیں، جن میں اکثریت کا تعلق بھارت، پاکستان، بنگلہ دیش، فلپائن، مصر، لبنان، برطانیہ اور دیگر ممالک سے ہے، امارات میں مقیم بھارتی شہریوں کو 58 ممالک تک بغیر ویزہ رسائی حاصل ہے، ان میں برٹش ورجن آئی لینڈز، فجی، انڈونیشیا، اردن، قازقستان، کینیا، ملائشیا، مالدیپ، مارشل آئی لینڈز، ماریشس، قطر، سینیگال، سیشلز، سری لنکا، سینٹ کٹس اینڈ نیوس، تھائی لینڈ، ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو وغیرہ شامل ہیں۔

بتایا جارہا ہے کہ پاکستانی شہریوں کو 32 سے زائد ممالک میں بغیر ویزہ رسائی حاصل ہے، ان میں بارباڈوس، برونڈی، کمبوڈیا، کیپ وردے آئی لینڈز، کوموروس آئی لینڈز، کک آئی لینڈز، جبوتی، ڈومینیکا، گنی بساؤ، ہیٹی، کینیا، مڈغاسکر، مالدیپ، مائکرونیشیا، مونٹسیراٹ، موزمبیق، نیپال، نیو، پلاؤ آئی لینڈز، قطر، روانڈا، ساموا، سینیگال، سیشلز، سیرا لیون، صومالیہ، سری لنکا، سینٹ ونسنٹ اینڈ دی گریناڈائنز، تیمور لیسٹے، ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو، تووالو اور وانوآتو شامل ہیں، بنگلہ دیشی شہریوں کو 39 ممالک میں بغیر ویزہ رسائی حاصل ہے جن میں بارباڈوس، بھوٹان، بولیویا، برٹش ورجن آئی لینڈز، فجی، جمیکا، کینیا، مالدیپ، سری لنکا، سینٹ کٹس اینڈ نیوس، ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو اور دیگر ممالک اس فہرست کا حصہ ہیں۔

Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات