Live Updates

پنجاب انسٹیٹیوٹ آف نیورو سائنسز لاہور اور بیسٹا نیورو انسٹیٹیوٹ میلان، اٹلی کے مابین معاہدہ طے پا گیا

ہفتہ 17 مئی 2025 16:45

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2025ء) پنجاب انسٹیٹیوٹ آف نیورو سائنسز (پنز)لاہور اور بیسٹا نیورو انسٹیٹیوٹ، میلان (اٹلی) کے درمیان ایک تاریخی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے ہیں جس کے تحت بیسٹا انسٹیٹیوٹ کے سینئر ریزیڈنٹس اب پنز میں روٹیشن کے لیے آئیں گے۔ جبکہ پنجاب انسٹیٹیوٹ کے سینئر رجسٹرارز اور اس سے اعلیٰ درجے کی فیکلٹی ممبران کو اٹلی میں نیورو سرجری کی تربیت حاصل کرنے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔

اس شراکت داری کے تحت تمام ویزا، قیام اور دیگر انتظامات کی ذمہ داری میزبان اطالوی ادارہ خود اٹھائے گا، جس سے پاکستانی نیورو سرجنز کو بین الاقوامی معیار کی تربیت باآسانی حاصل ہو سکے گی۔ایگزیکٹو ڈائریکٹر پنز پروفیسر آصف بشیر نے اس موقع پر کہا کہ یہ معاہدہ نوجوان نیورو سرجنز کے لیے ایک سنگ میل ثابت ہو گا۔

(جاری ہے)

انہیں نہ صرف جدید ترین نیورو سرجیکل مہارتیں سیکھنے کا موقع ملے گا بلکہ بین الاقوامی ماحول میں کام کرنے کا قیمتی تجربہ بھی حاصل ہو گا۔

انکا کہنا تھا کہ ان تمام کوششوں کا مقصد نوجوان ڈاکٹرز کو سرجری کی جدید مہارتوں سے لیس کر کے مریضوں کو بہتر سے بہتر علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کرنا ہے۔پروفیسر آصف بشیر کا کہنا تھا کہ دنیا کے دیگر بڑے نیورو سرجیکل مراکز کے ساتھ بھی تکنیکی تعاون کے حصول کیلئے معاہدے کیے جائیں گے تاکہ ہمارے نوجوان ڈاکٹرز کو عالمی معیار کی پیشہ ورانہ ٹریننگ دیکر مقابلہ کرنے کے قابل بنایا جا سکے اور پاکستان میں نیورو سرجری کے شعبے کو مزید ترقی دی جا سکے۔یہ قدم پنجاب حکومت کی پالیسی کے تحت پنزکی بین الاقوامی معیار کی تربیت و تحقیق کے لیے مستقل کوششوں کا مظہر ہے اور ملک میں طبی تعلیم و خدمات کے ایک نئے دور کا آغاز ہےجس کا براہ راست فائدہ مریضوں کو بھی پہنچے گا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات