بھارت کی ناکامی پرحکومتی وزراء اورسیاست دان اپنے ہی ملک میں غیرمحفوظ

وزیر اعلیٰ ریکھا گبتا اور سیکرٹری خارجہ وکرم مسری سمیت بی جے پی کے کم از کم 25 اہم رہنماؤں کی سکیورٹی میں اضافہ کر لیا گیا ،رپورٹ

ہفتہ 17 مئی 2025 18:28

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 مئی2025ء) پاکستان کیخلاف ناکامی پرعوامی غصے سے بچنے کیلئے بھارتی اہم وزراء اورسیاست دانوں کی سیکورٹی بڑھانیکافیصلہ کرلیا گیا ہے۔ بھارتی ا خبار نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ جن سیاست دانوں اور وزراء کی سکیورٹی بڑھائی جا رہی ہے، ان سب کا تعلق حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی سے ہے۔ انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر کو بھی اضافی سکیورٹی فراہم کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گبتا اور سیکرٹری خارجہ وکرم مسری سمیت بی جے پی کے کم از کم 25 اہم رہنماؤں کی سکیورٹی سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق سکیورٹی پر مامور کیے جانے والے اہلکاروں کو فائرنگ اور طبی امداد کی خصوصی تربیت بھی دی جائے گی۔

(جاری ہے)

جن دیگر سیاست دانوں اور وزراء کی سکیورٹی میں اضافہ کیا گیا ہے، ان میں جے پی نادا، بھوپندر یادیو، نیشی کانت دوبے اور سدھنشو ترویدی جیسے اہم نام شامل ہیں۔

رپورٹ کے مطابق، بی جے پی کے وزراء اور سیاست دانوں کو لاحق خطرات کے حوالے سے دہلی پولیس کا ایک خصوصی اجلاس بھی منعقد ہوا ہے۔ دفاعی ماہرین اس صورتحال پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے سوال اٹھا رہے ہیں کہ آخر اپنے ہی ملک میں بھارتی سیاست دانوں کو اس قدر سکیورٹی بڑھانے کی ضرورت کیوں پیش آ رہی ہے۔ ان ماہرین کا خیال ہے کہ وزیر اعظم مودی کے جنگی جنون اور حالیہ ناکامی نے اب ان کے اپنے وزراء اور سیاست دانوں کی زندگیوں تک کو خطرات سے دوچار کر دیا ہے۔ دفاعی ماہرین کا مزید کہنا ہے کہ 'آپریشن سندور' کی ناکامی کے بعد عوامی غصے سے بچنے کے لیے یہ سکیورٹی میں اضافے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔