مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے جعلی انکاؤنٹرز اور کریک ڈاؤن جاری

ہفتہ 17 مئی 2025 18:28

سری نگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 مئی2025ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جانب سے جعلی انکاؤنٹرز اور کریک ڈاؤن کا سلسلہ جاری ہے۔ پہلگام میں مبینہ حملے کے بعد بھارتی فوج نے بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فورسز نے گزشتہ 48 گھنٹوں میں 40 سے زائد گھروں پر چھاپے مار کر 25 نوجوانوں کو حراست میں لے لیا ہے۔

دی اکنامک ٹائمر کی ایک رپورٹ کے مطابق بھارتی فوج نے اپنی متعدد کارروائیوں میں گزشتہ تین دنوں کے دوران 60 سے زائد مقامی کشمیریوں کو حراست میں لیا ہے۔ الجزیرہ کی ایک رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ 22 اپریل 2025 سے اب تک بھارتی فورسز نے مقبوضہ کشمیر میں 2000 سے زائد بے گناہ کشمیریوں کو گرفتار کیا ہے۔ 15 مئی 2025 کو دی اکنامک ٹائمر نے خبر دی تھی کہ بھارتی فوج نے پلوامہ میں تین کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا۔

(جاری ہے)

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق، گزشتہ ایک ہفتے کے دوران 6 مختلف اضلاع میں بھارتی فورسز نے جعلی انکاؤنٹرز میں 5 سے زائد نوجوانوں کو شہید کیا ہے۔سرچ آپریشنز کے دوران خواتین اور بزرگوں کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ کشمیر میڈیا سروس نے یہ بھی رپورٹ کیا ہے کہ پہلگام حملے کے بعد بھارتی فورسز نے 48 کشمیری نوجوانوں کو جعلی مقابلوں میں شہید کر دیا ہے۔مقبوضہ وادی میں بھارتی فورسز کی جانب سے موبائل اور انٹرنیٹ سروس کی بندش تاحال جاری ہے۔ شہید نوجوانوں کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ بھارتی دعوے جھوٹ پر مبنی ہیں اور ان کے بچے بے گناہ شہری تھے۔ ان کا مطالبہ ہے کہ ان جعلی انکاؤنٹرز کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کروائی جائیں۔