وزیرمملکت بلال اظہرسے عالمی بینک ٹرانسپورٹ سیکٹرماہرین پرمشتمل اعلیٰ سطحی وفد کی ملاقات، پاکستان ریلویز کی بہتری سے متعلق اہم امور پر تبادلہ خیال

ہفتہ 17 مئی 2025 22:11

وزیرمملکت بلال اظہرسے عالمی بینک ٹرانسپورٹ سیکٹرماہرین پرمشتمل  اعلیٰ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2025ء) وزیر مملکت ریلوے اور وزیراعظم ڈلیوری یونٹ کے سربراہ بلال اظہر کیانی سے ٹرانسپورٹ منیجر برائے جنوبی ایشیا جین اوہ کی سربراہی میں عالمی بینک کے ٹرانسپورٹ سیکٹر کے ماہرین پر مشتمل اعلیٰ سطحی وفد نے ملاقات کی،ملاقات کے دوران دیگر ممالک کے ریلوے ماڈلز کی روشنی میں ریلوے نظام کی بہتری کے حوالے سے تفصیلی گفتگو ہوئی۔

عالمی بینک کے وفد نے وزیر مملکت بلال اظہر کیانی کو ریلوے نظام میں بہتری کے لئے مختلف تجاویز پر تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیر مملکت ریلوے بلال اظہر کیانی نے عالمی بینک کی تجاویز کا خیر مقدم کرتے ہوئے وزارت ریلوے کو ان پر عملی اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔ بلال اظہر کیانی نے خصوصی طور پر مال بردار گاڑیوں میں اضافے اور اس میں نجی سیکٹر کی سرمایہ کاری کی تجویز سے اتفاق کیا۔

(جاری ہے)

وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے عالمی بینک اور انٹرنیشنل فانس کارپوریشن کے ساتھ گزشتہ دو اہم ملاقاتوں کی روشنی میں وزارت ریلوے کی جانب سے مرتب کردہ تجاویز بھی وفد کے سامنے رکھیں۔ بلال اظہر کیانی نے عالمی بینک کے وفد کو آگاہ کیا کہ وزارت ریلوے نجکاری اور ریل انفراسٹرکچر کی بہتری کے لئے کوشاں ہے۔وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے وفد کی جانب سے ریلوے نظام کی بہتری کے حوالے سے منصوبوں میں معاونت فراہم کرنے کے جذبے کو سراہتے ہوئے عالمی بینک کا شکریہ ادا کیااور جاری منصوبوں میں تکینکی معاونت کو مزید وسعت دینے کا اعادہ کیا۔

وزیر مملکت ریلوے نے امید ظاہر کی کہ عالمی بینک انٹرنیشنل فانس کارپوریشن کے ذریعے ریلویز کے منصوبوں میں سرمایہ کاری بھی کرے گا۔ بلال اظہر کیانی سے ملاقات کے دوران وفد نے ریلویز سیکٹر میں نجکاری کے فروغ سمیت دیگر حکومتی اقدامات کو تسلی بخش قراردیا۔