
ہمالیہ کے گلیشیئروں کا پگھلاؤ انتہائی تشویشناک، یو این چیف
یو این
ہفتہ 17 مئی 2025
23:15

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ UN اردو۔ 17 مئی 2025ء) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے خبردار کیا ہے کہ ہمالیہ کے گلیشیئر تیزی سے پگھل رہے ہیں اور عالمی حدت میں ریکارڈ اضافے سے اس پگھلاؤ کی شدت بھی غیرمعمولی طور پر بڑھ رہی ہے جسے روکنے اور ماحولیاتی تباہی سے بچنے کے لیے ہنگامی اقدامات ناگزیر ہیں۔
انہوں نے نیپال کے دارالحکومت کٹھمنڈو میں منعقدہ ساگر ماتھا سمباد (ایورسٹ ڈائیلاگ) کے لیے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ ہمالیائی خطے کے صدیوں پرانے گلیشیئر تازہ پانی کے بہت اہم ذخیرے ہیں۔
ان کے تیزرفتار پگھلاؤ سے ناصرف مقامی آبادیوں بلکہ میدانی علاقوں کے لوگوں کو بھی خطرات لاحق ہیں جن کا انحصار ان پہاڑوں سے آنے والے دریاؤں پر ہے۔'ساگرماتھا سمباد' وزرا، ارکان پارلیمان، موسمیاتی ماہرین اور سول سوسائٹی کے لوگوں کا بین الاقوامی پلیٹ فارم ہے جس کے ذریعے موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے، پہاڑوں کے ماحولیاتی نظام کے تحفظ اور موسمی استحکام کے لیے کام کیا جاتا ہے۔
(جاری ہے)
2 ارب لوگوں کو خطرہ
سیکرٹری جنرل نے کہا کہ دریائے گنگا، برہما پترا اور سندھ میں پانی کا بہاؤ محدود ہونے سے ناصرف آبی مسئلہ جنم لے رہا ہے بلکہ پورے جنوبی ایشیا میں تقریباً دو ارب لوگوں کے لیے خوراک کی پیداوار بھی خطرے میں ہے۔
تازہ پانی میں چڑھتے سمندر کے کھاری پانی کی آمیزش سے دریائی ڈیلٹا ختم ہونے اور بڑے پیمانے پر نقل مکانی کا خطرہ پیدا ہو سکتا ہے۔
ایسا ہوا تو نشیبی خطوں میں واقع ممالک اور ایسی جگہوں پر رہنے والے لوگ ہمیشہ کے لیے ختم ہو جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ نیپال گزشتہ تین دہائیوں میں اپنی ایک تہائی برف کھو چکا ہے اور گزشتہ 10 برس میں اس کے گلیشیئر پچھلی دہائی کے مقابلے میں 65 فیصد زیادہ تیزی سے پگھلے ہیں۔

'دنیا کی چھت' کا انہدام
انتونیو گوتیرش نے اپنے پیغام میں دنیا سے ایک مرتبہ پھر یہ مطالبہ کیا کہ وہ معدنی ایندھن کے استعمال اور اس سے خارج ہونے والی عالمی حدت میں اضافے پر قابو پائے۔ قبل ازیں 2023 میں ایورسٹ خطے میں اپنے دورے کے موقع پر بھی انہوں نے یہی انتباہ کیا تھا۔ سیکرٹری جنرل نے اُس وقت ہمالیہ کے گلیشیائی طاس میں کھڑے ہو کر خبردار کیا کہ 'دنیا کی چھت' تیزی سے منہدم ہو رہی ہے۔
انہوں نے نیپال میں موسمیاتی اقدامات کے رہنماؤں کو سراہتے ہوئے ملک میں جنگلات کا رقبہ بڑھانے، قدرتی آفات سے بروقت آگاہی دینے کے پروگرام شروع کرنے اور 2045 تک گرین ہاؤس گیسوں کا اخراج نیٹ زیرو پر لانے کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات کو قبل تعریف قرار دیا ہے۔
بڑی معیشتوں کی ذمہ داری
سیکرٹری جنرل نے کہا ہے کہ دنیا کو عالمی حدت میں اضافہ 1.5 ڈگری سیلسیئس کی حد میں رکھنے کے لیے بلاتاخیر اقدامات کرنا ہوں گے۔
یہ ہدف موسمیاتی تبدیلی کے مسئلے پر 10 سال قبل طے پانے والے پیرس معاہدے میں طے کیا گیا تھا۔اس معاہدے کے تحت سب سے بڑی مقدار میں گرین ہاؤس گیسیں خارج کرنے والی معیشتوں پر عالمی حدت میں کمی لانے کے حوالے سے بڑی ذمہ داریاں عائد کی گئی ہیں۔ ان میں قابل تجدید توانائی پر سرمایہ کاری، کاپ 29 میں طے شدہ 1.3 ٹریلین ڈالر کے موسمیاتی مالیاتی ہدف کا حصول، ترقی یافتہ ممالک کے وعدے کے تحت رواں سال موسمیاتی تبدیلی سے مطابقت پیدا کرنے کے اقدامات کے لیے مالی وسائل کو 40 ارب ڈالر تک بڑھانا اور موسمیاتی نقصان و تباہی کے فنڈ کے لیے مضبوط اور پائیدار مدد مہیا کرنا شامل ہے۔
اپنے پیغام کے آخر میں انہوں نے کہا کہ ان اہداف کا حصول دلیرانہ تعاون کا تقاضا کرتا ہے اور اقوام متحدہ اس اہم کام میں اپنا بھرپور تعاون مہیا کرتا رہے گا۔

بچوں کے حقوق کا بحران
اس ڈائیلاگ سے قبل نیپال کے بچوں اور نوجوانوں نے موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کی جانب توجہ دلانے کے لیے ایک اعلامیہ جاری کیا۔ اس میں 100 سے زیادہ نوعمر افراد نے ہنگامی بنیاد پر اور مشمولہ موسمیاتی اقدام کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اس مسئلے کے محض غیرفعال متاثرین کے بجائے حقوق کے حامل اور موسمیاتی مسئلے سے نمٹنے کے اہم کردار سمجھا جائے۔
اعلامیے میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کی حکمت عملی میں بچوں کی شرکت کو یقینی بنایا جائے، اس مسئلے پر نوجوانوں کے زیرقیادت پروگراموں کو مدد دی جائے اور ان کی اختراعات اور موسمیاتی اقدامات کو فروغ ملنا چاہیے۔
نیپال میں اقوام متحدہ کے ادارہ برائے اطفال (یونیسف) کی نمائندہ ایلیس اکونگا نے کہا ہے کہ موسمیاتی بحران بچوں کے حقوق کا بحران بھی ہے کیونکہ اس سے ان کی صحت، غذائیت، تعلیم اور بہبود غیرمتناسب طور سے متاثر ہو رہی ہے۔
بچوں اور نوجوانوں پر موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات سے نمٹنے کے لیے بامعنی اور پائیدار طریقے وضع کرنے کے عمل میں ان کی بات سننا لازم ہے۔
متعلقہ عنوان :
مزید اہم خبریں
-
پاکستانی وزیراعظم کا بھارت سے کشیدگی کم کرانے میں کردار ادا کرنے پر "بھائی" شیخ محمد بن زاید کا شکریہ
-
قصر الوطن میں اماراتی صدر کا امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اعزاز میں پرتپاک استقبال
-
پاکستان اور جہنم میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا پڑا تو جہنم کا انتخاب کروں گا
-
مشرقی یوکرین میں ڈرون حملے میں متعدد شہری ہلاک
-
بھارت کو مشرقی محاذ پر ہرایا ہے اب مغربی محاذ پر بھی ہرائیں گے
-
ہمالیہ کے گلیشیئروں کا پگھلاؤ انتہائی تشویشناک، یو این چیف
-
چیئرمین بلاول بھٹو پاک بھارت کشیدگی کے پیش نظر یورپ کا دورہ کریں گے
-
چینی کی قیمت 200 روپے کی سطح پر پہنچ گئی
-
فلسطینی مسئلے کا دو ریاستی حل ہی دیرپا امن کا ضامن، گوتیرش
-
پاکستان نے چین، افغانستان اور ایران کے راستے روس تک 6 تجارتی راہداریوں کی نشاندہی کردی
-
پاکستان کا بیانیہ دنیا میں اجاگر کرنے کیلئے پورا پلان تیار ہوچکا ہے
-
امریکا نے پاکستان کی 18 کمپنیوں پر پابندی عائد کر دی
UrduPoint Network is the largest independent digital media house from Pakistan, catering the needs of its users since year 1997. We provide breaking news, Pakistani news, International news, Business news, Sports news, Urdu news and Live Urdu News
© 1997-2025, UrduPoint Network
All rights of the publication are reserved by UrduPoint.com. Reproduction without proper consent is not allowed.