غزہ: خوراک ملنے کے منتظر بچوں اور خواتین کو مارنا ناقابل قبول، یونیسف

یو این جمعہ 11 جولائی 2025 22:15

غزہ: خوراک ملنے کے منتظر بچوں اور خواتین کو مارنا ناقابل قبول، یونیسف

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ UN اردو۔ 11 جولائی 2025ء) اقوام متحدہ کے ادارہ برائے اطفال (یونیسف) نے غزہ میں غذائی مدد کا انتظار کرتے 15 افراد کی ہلاکت کو ہولناک اور ناقابل قبول قرار دیا ہے جن میں نو بچے اور چار خواتین بھی شامل ہیں۔

ہلاک و زخمی ہونے والے لوگ یونیسف کے شراکتی ادارے پراجیکٹ ہوپ کے امدادی مرکز پر غذائیت کا سامان لینے کے انتظار میں کھڑے تھے۔

یہ واقعہ وسطی غزہ کے علاقے دیرالبلح میں آج صبح پیش آیا جس میں 19 بچوں سمیت 30 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

Tweet URL

یونیسف کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر کیتھرین رسل نے کہا ہے کہ ہلاک اور زخمی ہونے والی خواتین اپنے بچوں کے لیے خوراک لینے آئی تھیں جو کئی ماہ سے بھوک اور مایوسی کا سامنا کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

اس واقعے میں شدید زخمی ہونے والی دونیا کا ایک سالہ بیٹا محمد بھی ہلاک ہونے والوں میں شامل ہے جن کا کہنا تھا کہ اس نے چند ہی گھنٹے قبل پہلی مرتبہ الفاظ بولے تھے۔ وہ اپنے بیٹے کا چھوٹا سا جوتا ہاتھ میں لیے ہسپتال کے بستر پر لیٹی ہیں۔

ایگزیکٹو ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ آج غزہ کے لاکھوں لوگوں کو اسی سفاکانہ حقیقت کا سامنا ہے جہاں کئی مہینوں سے حسب ضرورت غذائی امداد نہیں پہنچ رہی جبکہ متحارب فریقین شہریوں کو تحفظ دینے کی اپنی بنیادی ذمہ داری پوری کرنے میں ناکام ہیں۔

بچوں کا تحفظ ضروری

انہوں نے کہا ہے کہ غزہ میں امداد کی شدید کمی کے نتیجے میں بچوں کو بھوک کا سامنا ہے اور قحط پھیلنے کا خطرہ بڑھتا جا رہا ہے۔ جب تک ضروری امداد اور خدمات پوری طرح بحال نہیں ہوں گی اس وقت تک غذائی قلت کا شکار بچوں کی تعداد بھی بڑھتی رہے گی۔

اس حوالے سے عالمی قانون بالکل واضح طور پر کہتا ہے کہ تمام متحارب فریقین شہریوں کو تحفظ کی فراہمی اور انسانی امداد کی محفوظ اور بلارکاوٹ ترسیل میں سہولت دینے کے ذمہ دار ہیں۔

یونیسف نے اسرائیل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنی پالیسی کو تبدیل کرتے ہوئے بین الاقوامی قانون پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائے۔ جنگ میں شہریوں بالخصوص بچوں کو تحفظ دیا جائے اور اس واقعے سمیت انسانی حقوق کی پامالیوں کے تمام الزامات کی مفصل اور غیرجانبدارانہ تحقیقات ہونی چاہئیں۔

جنگ بندی کا مطالبہ

ادارے نے ہلاک ہونے والوں کے خاندانوں اور پراجیکٹ ہوپ کے شراکت داروں سے تعزیت کا اظہار کیا ہے جو انتہائی خطرناک حالات میں بھی غزہ کے بچوں کو امداد اور خوراک مہیا کر رہے ہیں۔

یونیسف نے غزہ میں فوری اور پائیدار جنگ بندی، تمام یرغمالیوں کی رہائی اور امدادی کارکنوں سمیت شہریوں کو تحفظ دینے کا مطالبہ بھی دہرایا ہے۔ ادارے کا کہنا ہے کہ خوراک، پانی، غذائیت کا سامان اور طبی مقاصد کے لیے استعمال ہونے والی اشیا فوری طور پر اور محفوظ انداز میں بچوں تک پہنچنی چاہئیں۔