سپر ٹیکس سے متعلق کیس کی سماعت پیر کو سپریم کورٹ میں ہوگی

اتوار 18 مئی 2025 18:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مئی2025ء) سپر ٹیکس سے متعلق کیس کی سماعت کل پیر کو سپریم کورٹ میں ہوگی ۔ سماعت سپریم کورٹ کے سینئر جج جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں پانچ رکنی آئینی بنچ کرے گا ۔بنچ کے دیگر اراکین میں جسٹس جمال خان مندوخیل ، جسٹس محمد علی مظہر ،جسٹس سید حسن اظہر رضوی اور جسٹس شاہد بلال حسن شامل ہیں ۔

(جاری ہے)

سپر ٹیکس سے متعلق کیس کے حوالے سے گزشتہ سماعت میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو ( ایف بی آر )کے وکیل رضا ربانی نے دلائل مکمل کرلیے تھے ۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل عامر رحمن نے عدالت کے استفسار پر آگاہ کیا تھا کہ سپر ٹیکس کی مد میں ایک سو چودہ ارب روپے اکٹھے ہوئے،جتنا وفاق کا حصہ تھا، اس سے زیادہ خرچ کیا۔بعد ازاں عدالت نے تمام ہائیکورٹس سے سپر ٹیکس سے متعلق مقدمات سپریم کورٹ بھجوانے کا ریکارڈ طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت 19 مئی تک ملتوی کردی تھی ۔