پشاور، خاندانی تنازعہ میں فائرنگ سے 6 افراد جاں بحق، خاتون زخمی

جاں بحق ہونے والوں کی شناخت فضل امین، حضرت امین اور احمد کے ناموں سے ہوئی ہے ، مقتولین میں 3 خواتین بھی شامل ہیں، واقعہ خاندانی دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے مزید تفتیش جاری ہے، پولیس

Faisal Alvi فیصل علوی پیر 19 مئی 2025 11:07

پشاور، خاندانی تنازعہ میں فائرنگ سے 6 افراد جاں بحق، خاتون زخمی
پشاور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19 مئی 2025)پشاور کے علاقے ارمڑ میں خٹکو پل کے قریب خاندانی تنازعہ ایک خونی تصادم میں بدل گیا، فائرنگ کے واقعے میں 6 افراد جاں بحق جبکہ ایک خاتون زخمی ہو گئی، پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں کی شناخت فضل امین، حضرت امین اور احمد کے ناموں سے ہوئی ہے۔ مقتولین میں 3 خواتین بھی شامل ہیں۔ فائرنگ سے ایک خاتون زخمی ہو گئی ہے جسے لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور لاشوں کے ساتھ زخمی خاتون کو فوری طور پر لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ خاندانی دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے تاہم مزید تفتیش جاری ہے۔ علاقے میں خوف و ہراس کی فضا قائم ہے جبکہ سیکیورٹی اہلکاروں نے شواہد اکٹھے کر کے کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

پولیس کا کہنا ہے کہ فریقین پڑوسی ہیں۔ مقتولین پر مخالف فریق کی خاتون کے قتل کا الزام تھا ۔ واقعے کے بعد ملزمان فرار ہو گئے جن کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔خیال رہے کہ چند روز قبل بھی نامعلوم افراد نے شادی کی تقریب میں شرکت کرکے جانیوالے افراد کی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کی گئی تھی جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق اور ایک شخص زخمی ہوگیا تھا۔

بتایاگیا تھا کہ پشاور میں تھانہ پھندو کے علاقے میں شادی ہال سے نکل کر گھر جانیوالے پانچ افراد کو قتل کردیا گیا تھا۔پولیس کے مطابق واقعہ پرانی دشمنی کا نتیجہ لگتا تھا۔ پھندو پولیس کے مطابق تاک میں بیٹھے ملزمان نے مقتولین کی گاڑی پر فائرنگ کی جس سے پانچ افراد موقع پر جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوگیا تھا۔پولیس کے مطابق جاں بحق افراد میں عبد اللہ، طاہر، اسامہ، اویس اور وقاص شامل تھے جبکہ ثاقب نامی شخص واقعہ میں زخمی ہواتھا۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ایس پی فقیر آباد ڈویڑن محمد ارشد خان اور ڈی ایس پی عمر آفریدی موقع پر پہنچ گئے تھے جبکہ لاشوں کو پوسٹ مارٹم جبکہ زخمی کو ابتدائی طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کیا گیا تھاجب کہ ملزمان کی گرفتاری کیلئے پولیس نے چھاپے مارنے شروع کردئیے تھے۔