دفاعِ پاکستان ہماری قومی خودمختاری، آزادی اور بقاء کی علامت ہے،پروفیسر پیرمحمدآصف رضا قادری

پیر 19 مئی 2025 11:25

مکوآنہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مئی2025ء)دفاعِ پاکستان ہماری قومی خودمختاری، آزادی اور بقاء کی علامت ہے۔ پاکستان کے دفاع میں صرف بندوق نہیں، بلکہ ایمان، اتحاد اور قربانی کا جذبہ بھی شامل ہے۔ہر پاکستانی سپاہی، وطن کے چپے چپے کا محافظ اور قوم کا ِ فخر ہے۔دفاع صرف سرحدوں کا ہی نہیں، نظریات، ثقافت اور اقدار کا بھی ہوتا ہے، جو ہمیں ورثے میں ملا ہے۔

ان خیالات کا اظہار پاکستان سنی تحریک کے ڈویژنل صدر و ممبر ضلعی امن کمیٹی پروفیسر پیرمحمدآصف رضا قادری نے جامع مسجد سلطانیہ رضویہ حق باہو چوک میں خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ جب قوم متحد ہو تو دشمن کی بڑی سے بڑی طاقت بھی ریت کی دیوار ثابت ہوتی ہے۔آج کا دن اُن تمام نعمتوں کا اعتراف ہے جو ہمیں بغیر مانگے ملی ہیں۔

(جاری ہے)

قوم جاگ اٹھی، دشمن کی سازش خاک میں مل گئی۔

شہداء کی قربانیاں، تاریخ کا روشن باب بن گئیں۔حب الوطنی کا جذبہ ناقابلِ شکست دیوار بن چکاہے۔پاک فوج اور قوم، ہر محاذ پر ایک صف میں کھڑے ہیں۔ بھارت کے پاکستان پر قبضے کے ناپاک عزائم اور سازشوں کو افواجِ پاکستان اور عوام نے باہمی اتحاد و یکجہتی سے عبرتناک شکست دی۔ پاکستان کے غیور عوام اپنے ان عظیم شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کریں گے جنہوں نے وطن کے دفاع کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔اس موقع پر مولانا جعفر سعیدی،مولانا عابد قمر نورانی نصراللہ سیالوی،محمد عرفان چھٹہ،مولانا مجیب اللہ قادری،فداالمصطفی نقشبندی ودیگر نے بھی خطاب کیا۔تقریب کے آخر میں ملکی ترقی سلامتی و استحکام اور شہدائے پاک فوج کی بلندی درجات کیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی،