غزہ پر تازہ اسرائیلی حملوں میں 17 فلسطینی شہید

قابض فوج نے انڈونیشیائی ہسپتال مسمار کرنا شروع کردیا

پیر 19 مئی 2025 13:30

غزہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مئی2025ء)پیر کو غزہ پر اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں کم از کم 17 فلسطینی شہید ہو گئے۔عرب ٹی وی کے مطابق اسرائیلی فوج نے جنوبی غزہ میں خان یونس اور اس کے اطراف پر زبردست فضائی حملہ کیا جس کے نتیجے میں 6 افرادشہید اور درجنوں زخمی ہوگئے،حملے میں خان یونس میں واقع ناصر میڈیکل کمپلیکس کو بھی نشانہ بنایا گیا۔

(جاری ہے)

اسرائیلی وزیر اعظم کے مشیر دیمتری گینڈلمین کے مطابق اسرائیل کی افواج غزہ میں آپریشن "گیڈونز چیریٹسکے فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو گئی ہیں اور شہر کے اندرپیش قدمی کر رہی ہیں ۔مشیر نے بتایا کہ گزشتہ ہفتے کے دوران اسرائیلی فضائیہ نے اس علاقے میں سینکڑوں اہداف کو نشانہ بناتے ہوئے عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں کو بھی تباہ کیا۔ الجزیرہ کے مطابق 18 مئی کو غزہ پر اسرائیلی مسلح افواج کے حملوں میں کم از کم 151 افراد شہید ہوئے جن میں 70 غزہ شہر اور اس کے شمال میں گولہ باری سے شہید ہوئے۔ اسرائیلی فوج کے تین ڈویژن اس وقت غزہ میں زمینی کارروائیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔