20 سال تک کومہ میں رہنے والا سعودی شہزادہ انتقال کر گیا

شہزادہ الولید بن خالد 20 سال ٹریفک حادثے میں سر پر چوٹ لگنے کے باعث کومہ میں چلے گئے تھے

muhammad ali محمد علی ہفتہ 19 جولائی 2025 22:03

20 سال تک کومہ میں رہنے والا سعودی شہزادہ انتقال کر گیا
ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 جولائی2025ء) 20 سال تک کومہ میں رہنے والا سعودی شہزادہ انتقال کر گیا، شہزادہ الولید بن خالد 20 سال ٹریفک حادثے میں سر پر چوٹ لگنے کے باعث کومہ میں چلے گئے تھے۔ تفصیلات کے مطابق ایک افسوسناک خبر نے پورے سعودی عرب میں سوگ کی فضا چھا گئی ہے۔ گلف نیوز کے مطابق سعودی شاہی خاندان سے تعلق رکھنا والا نوجوان شہزادہ 20 سال تک کومہ میں رہنے کے بعد زندگی کی جنگ ہار گیا۔

بتایا گیا ہے کہ سعودی عرب میں "سلیپنگ پرنس" کے نام سے مشہور شہزادہ الولید بن خالد 2005 میں برطانیہ میں ایک ٹریفک حادثے کے دوران شدید زخمی ہو گئے تھے، حادثے کے دوران ان کے سر پر شدید چوٹیں آئیں جس کے بعد وہ کومہ میں چلے گئے تھے۔ شہزادہ الولید بن خالد کے والد شہزادہ خالد بن طلال السعود نے اپنے بیٹے کی زندگی بچانے کیلئے علامی شہرت یافتہ امریکی اور ہسپانوی ڈاکٹرز کی خدمات حاصل کیں، تاہم شہزادہ الولید بن خالد کو ہوش میں لانے کی کوئی کوشش کامیاب نہ ہو سکی، جس کے بعد ڈاکٹرز کی جانب سے شہزادہ الولید بن خالد کو لائف سپورٹ سے ہٹانے کی تجویز بھی دی گئی تاہم ان کے والد شہزادہ خالد بن طلال السعود نے اس تجویز کو سختی سے رد کرتے ہوئے بیٹے کو اس امید سے لائف سپورٹ پر رکھنے کا فیصلہ کیا کہ شاید کسی دن کسی روحانی مدد کے باعث ان کا بیٹا ہوش میں آنے میں کامیاب ہو جائے۔

(جاری ہے)

شہزادہ خالد بن طلال السعود نے اپنے بیٹے کو زندہ رکھنے کی 20 سال تک کوشش کی، شہزادہ الولید بن خالد20 سال تک سعودی عرب کے ایک ہسپتال میں لائف سپورٹ پر رہے۔ گلف نیوز کی رپورٹ کے مطابق 20 سالوں کے دوران چند مواقعوں پر شہزادہ الولید بن خالد کے جسم میں کچھ حرکت بھی محسوس کی گئی جس سے ان کے کومہ سے باہر آنے کی امید پیدا ہوئی۔ ان کے اہل خانہ نے ماضی میں کچھ ویڈیوز بھی جاری کیں جن میں قرآن کی تلاوت کے دوران ان کے جسم میں حرکت محسوس کی گئی، تاہم وہ کومہ سے باہر نہ آ سکے اور ہفتہ کے روز خالق حقیقی سے جا ملے۔

شہزادہ الولید بن خالد کے انتقال کے بعد سعودی عرب میں "سلیپنگ پرنس" کا ہیش ٹیگ سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا، شہریوں کی جانب سےشہزادہ الولید بن خالد کے انتقال پر گہرے رنج کا اظہار کیا جا رہا ہے۔