Live Updates

قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی اوریک ایڈوائزی کمیٹی کااجلاس، ریسرچ پالیسی کوجدید خطوط پرا ستوار کرنے اور عالمی سطح پر تعاون کو مضبوط بنانے کے حوالے سے اہم فیصلے

پیر 19 مئی 2025 22:50

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مئی2025ء) وائس چانسلر کے آئی یو پروفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ کی زیر صدارت قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی اوریک(ORIC) ایڈوائزی کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔شعبہ تعلقات عامہ کے آئی یو کے مطابق اجلاس میں وائس چانسلر کے ہمراہ کمیٹی کے دیگر ممبران نے شرکت کی۔اجلاس منعقد کرنے کا بنیادی مقصد ریسرچ پالیسی کو جدید خطوط پر استوار کرنا اور عالمی سطح پر تعاون کو مضبوط بنانا تھا۔

اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ نے کہا کہ کے آئی یو کا مقصد نہ صرف طلبہ کواعلیٰ تعلیم کی فراہمی ہے بلکہ عالمی معیار کی تحقیق کو فروغ دینا بھی ہےتاکہ خطہ میں سماجی و اقتصادی ترقی ممکن ہو سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بین الاقوامی جامعات اور تحقیقی اداروں کے ساتھ شراکت داری کو فروغ دینے کے لیے نئی حکمت عملی وضع کی جائے گی۔

(جاری ہے)

وائس چانسلر نے انٹرنیشنل کولیبریشن کے تحت طلبہ و اساتذہ کے تبادلہ پروگرامز، مشترکہ تحقیقی منصوبوں اور عالمی فورمز پر کے آئی یو کی نمائندگی بڑھانے کے لیے مزیدعملی اقدامات اٹھانے پر زور دیا۔اجلاس میں کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ آئندہ چند ماہ میں ان تجاویز پر عمل درآمد کے لیے ایک روڈ میپ تیار کیا جائے گا جو جامعہ کو نہ صرف گلگت بلتستان بلکہ پورے پاکستان کے لیے ایک مثالی تحقیقی و تعلیمی مرکز بننے کی راہ ہموار کرے گا۔اس سے قبل وائس چانسلر سے ریجنل ہیڈ نیشنل کمیشن فارہیومن ڈویلپمنٹ گلگت بلتستان اجلال حسین نے ملاقات کی۔ملاقات میں ایچ ون ٹیچ ون منصوبے کے بارے میں تبادلہ خیال کیاگیا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات