پنجاب پولیس کے ڈرائیونگ ٹریننگ سکولز شہریوں کو خدمات کی فراہمی میں مصروف عمل

پنجاب پولیس کے 127 ڈرائیونگ ٹریننگ سکولز میں شہریوں کو ٹریننگ دی جارہی ہے، ترجمان رواں سال 01 لاکھ 71 ہزار سے زائد شہریوں کو ان سکولز میں ڈرائیونگ سیکھائی گئی، ترجمان پنجاب پولیس

پیر 19 مئی 2025 20:55

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مئی2025ء)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر پنجاب پولیس کے ڈرائیونگ ٹریننگ سکولز شہریوں کو خدمات کی فراہمی میں مصروف عمل ہیں جس کے تسلسل میں پنجاب پولیس کے 127 ڈرائیونگ ٹریننگ سکولز میں شہریوں کو ٹریننگ دی جارہی ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ رواں سال 01 لاکھ 71 ہزار سے زائد شہریوں کو ان سکولز میں ڈرائیونگ سیکھائی گئی۔

ڈرائیونگ سیکھنے والوں میں 01 لاکھ 50 ہزار سے زائد مرد، 20 ہزار خواتین، 470 خواتین کو موٹرسائیکل ڈرائیونگ اور 360 ٹرانسجینڈرز کو بھی ٹریننگ دی گئی۔ رواں سال مزید 03 ڈرائیونگ ٹریننگ سکولز قائم کیے گئے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ ہر ڈرائیور شہری کو ڈرائیونگ لائسنس کی فراہمی ہمارا مشن ہے۔

(جاری ہے)

ڈرائیونگ ٹریننگ سنٹرز میں شہریوں کو روڈ سیفٹی، ڈرائیونگ لائسنسنگ اور ٹریفک ایجوکیشن کے حوالے سے بھی آگاہی دی جارہی ہے۔

ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ بغیر لائسنس گاڑی چلانا جرم ہے اور ڈرائیور شہریوں کے پاس لائسنس کی موجودگی انتہائی اہم ہے۔ لرنر، ریگولر ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید، لرنر لائسنس اور ڈوپلیکیٹ لائسنس کیلئے آن لائن اپلائی کر سکتے ہیں۔ رواں سال 31 لاکھ 90 ہزار سے زائد شہریوں کو ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے گئے ہیں۔