افغان باشندوں کو عزت و وقار کے ساتھ افغانستان بھیج رہے ہیں،ڈپٹی کمشنر لورالائی

پیر 19 مئی 2025 22:10

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مئی2025ء) حکومت پاکستان اور بلوچستان کے مشترکہ فیصلے کے تحت افغان مہاجرین کی مرحلہ وار وطن واپسی کا عمل جاری ہے۔گزشتہ روزکوئٹہ ضلعی انتظامیہ نے لورالائی میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان سٹیزن کارڈ ہولڈرز کو زبردستی افغانستان بھیجنے کا فیصلہ کردیا۔ضلعی انتظامیہ نے لورالائی بازار میں 15 افغان مہاجرین کی دکانیں سیل کر کے افغانستان بھیجنے کا فیصلہ کر دیا ہے، ملک میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کی وطن واپسی کا سلسلہ جاری ہے۔

ڈپٹی کمشنر لورالائی میران بلوچ کی نے کہا کہ یکم اپریل سے اب تک 1261سو ایکسٹھ افراد پر مشتمل 134فیملی سے زائد افغان باشندے چمن بارڈر کے راستے واپس افغانستان جاچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ باقی علاقوں کی طرح لورالائی میں غیرقانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کے خلاف بھی کریک ڈاؤن شروع کردیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امن و امان کی قیام کے بعد تمام افغانیوں کو واپس اپنے ملک جاکر ملک کی آبادکاری اور ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے گزشتہ تین چار دہائیوں سے افغان مہاجرین کو پاکستان میں ہر طرح کی سہولیات اور آزادی کے ساتھ زندگی گزارنے کا موقع فراہم کیا اب جبکہ افغانستان میں امن و امان قائم ہو چکا ہے لہذا تمام افغان باشندوں کو بڑی خوشی کے ساتھ اپنے ملک جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ افغان باشندوں کو عزت و وقار کے ساتھ واپس افغانستان بھیج دئیے جا رہے ہیں۔