معاشی پالیسیوں کی وجہ سے اگلے سال زبردست گروتھ متوقع ہے،ریحان نسیم بھراڑہ

منگل 20 مئی 2025 12:37

مکوآنہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2025ء)فیصل آبادچیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر ریحان نسیم بھراڑہ نے کہا ہے کہ معاشی پالیسیوں کی وجہ سے اگلے سال زبردست گروتھ متوقع ہے جس کی فنانسنگ کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے سٹیٹ بینک کو اپنی ترجیحی سکیموں کے بارے میں متعلقہ سٹیک ہولڈرز کو فوری آگاہی دینا ہو گی۔ وہ آج سٹیٹ بینک فیصل آباد کے چیف منیجر وقاص کاشف باجوہ سے گفتگو کررہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ سٹیٹ بینک نے ایس ایم ای سیکٹر کیلئے خصوصی سکیم متعارف کرائی ہے جس کے تحت سستے قرض دیئے جا رہے ہیں مگر اس کے تحت پرانی مشینری کی درآمد کی اجازت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایس ایم ای سیکٹر کیلئے ڈالر مہنگا ہونے کی وجہ سے ائیر جیٹ اور دیگر نئی جدید مشینری کی خریدار ی ممکن نہیں۔

(جاری ہے)

حالانکہ ترقی یافتہ ملکوں میں چند سال استعمال ہونے والی مشینری پاکستان میں کئی سالوں تک کام دے سکتی ہے اور اس کے ذریعے کوالٹی میں بہتری کے علاوہ پیداوار میں بھی اضافہ کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے چیف منیجر سے کہا کہ موجودہ سکیموں کے بارے میں آگاہی مہم شروع کی جائے اور اس سلسلہ میں چیمبر میں بھی سیشن منعقد کئے جائیں۔ انہوں نے ایس ایم ای سیکٹر کی حد کو بڑھانے اور خواتین انٹر پرینوئرز کیلئے پچاس لاکھ روپے تک کے رعایتی قرضوں کو ایک کروڑ تک بڑھانے کا بھی مطالبہ کیا۔ چیف منیجر وقاص کاشف باجوہ نے کہا کہ سٹیٹ بینک مختلف مراعاتی سکیموں کے بارے میں باقاعدگی سے سیمینار منعقد کر رہا ہے مگر وہ مؤثر ثابت نہیں ہوئے اور خاص طور پر متعلقہ سٹیک ہولڈرز اس سے فائدہ نہیں اٹھا سکے۔

انہوں نے کہا کہ سٹیٹ بینک چیمبر کے پلیٹ فارم سے آگاہی پروگرام شروع کرے گا جبکہ ایس ایم ای سیکٹر اور خواتین انٹر پرینوئر بارے چیمبر کی تجاویز اعلیٰ حکام تک پہنچائی جائیں گی۔ آخر میں صدر ریحا ن نسیم بھراڑہ نے چیمبر کی گولڈ ن جوبلی کے سلسلہ میں خصوصی گفٹ چیف منیجر سٹیٹ بینک کو پیش کیا جبکہ انہیں اس حوالے سے خصوصی پن بھی لگائی گئی۔ اس موقع پر سٹیٹ بینک کی ڈپٹی چیف منیجر محترمہ قراة العین کے علاوہ سینئر نائب صدر فیصل آباد چیمبر قیصر شمس گچھا اور ایگزیکٹو ممبران محمد علی اور وحید خالق رامے بھی موجود تھے۔