انجلینا جولی کا شہید خاتون فلسطینی صحافی کو خراج عقیدت

پیرس میں معروف کانز فلم فیسٹیول میں منتخب ہونے والی دستاویزی فلم میں 23 سالہ فلسطینی فوٹو جرنلسٹ فاطمہ حسونہ نے اہم کردار ادا کیا تھا

منگل 20 مئی 2025 13:40

انجلینا جولی کا شہید خاتون فلسطینی صحافی کو خراج عقیدت
دبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2025ء) امریکی اداکارہ انجلینا جولی نے کانز فلم فیسٹیول کے موقع پر شہید خاتون فلسطینی فوٹو جرنلسٹ فاطمہ حسونہ کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ہالی وڈ کی نامور امریکی اداکارہ اور آسکر ایوارڈ یافتہ انجلینا جولی نے کانز فلم فیسٹیول کے دوران منعقدہ ایک خصوصی عشائیہ تقریب میں شرکت کی، جہاں انہوں نے ابھرتے ہوئے فنکاروں میری کولومب اور فن بینیٹ کو ٹرافی چوپرڈ ایوارڈ پیش کیا۔

اس موقع پر انجلینا جولی نے اسرائیلی بمباری میں شہید ہونے والی 23 سالہ عالمی شہرت یافتہ فلسطینی فوٹو جرنلسٹ فاطمہ حسونا کا خصوصی ذکر کیا، جس کا دل سوز واقعہ عالمی سطح پر توجہ کا مرکز بنا تھا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انجلینا جولی نے کہا کہ ہم اپنی فلموں کے ذریعے لوگوں کو جنگی میدانوں کو دکھاتے ہیں۔

(جاری ہے)

ہم دوسرے ممالک سے جڑتے ہیں اور ان سے ہمدردی رکھتے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم میں سے کوئی بھی سادہ نہیں ہے ہم جانتے ہیں کہ دنیا بھر میں بہت سے فنکاروں کو اپنے قصے سنانے کی آزادی اور تحفظ حاصل نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ اب تک بہت سے فنکار اپنی جانیں کھوچکے ہیں، جیسے کہ فاطمہ حسونا جو غزہ میں شہید ہوئیں، شادن گردود جو سوڈان میں مار دی گئیں اور وکٹوریا آمیلینا جو یوکرین میں جاں بحق ہوئیں ، اور بے شمار ایسے فنکار جو آج ہمارے ساتھ ہونے چاہیے تھے جو ہم میں موجود نہیں۔

یاد رہے کہ فاطمہ حسونہ رواں سال 16 اپریل کو ہونے والے اسرائیلی فضائی حملے میں اپنے خاندان کے 9 افراد سمیت شہید ہوگئی تھیں۔فضائی حملے میں شہید ہونے والوں میں فاطمہ حسونہ کے بہن بھائی بھی شامل تھے جن میں سے ان کی ایک بہن حاملہ تھی۔فرانس کے دارالحکومت پیرس میں معروف کانز فلم فیسٹیول میں منتخب ہونے والی دستاویزی فلم میں 23 سالہ فلسطینی فوٹو جرنلسٹ فاطمہ حسونہ نے اہم کردار ادا کیا تھا۔