Live Updates

ایف آئی اے کیس؛ عدالت نے صنم جاوید کی درخواست ضمانت خارج کردی

سیشن کورٹ لاہور کے جج سلمان گھمن نے اس حوالے سے فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ سنا دیا

Sajid Ali ساجد علی منگل 20 مئی 2025 11:50

ایف آئی اے کیس؛ عدالت نے صنم جاوید کی درخواست ضمانت خارج کردی
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 مئی 2025ء ) وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے کی جانب سے دائر کیس میں پاکستان تحریک انصاف کی سوشل میڈیا ایکٹوسٹ صنم جاوید کی درخواست ضمانت خارج کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق سیشن کورٹ لاہور میں اس حوالے سے کیس کی سماعت ہوئی جہاں پی ٹی آئی کی سوشل ایکٹوسٹ صنم جاوید کی ایف آئی اے کے مقدمے میں ضمانت مسترد کردی گئی، اس ضمن میں ایڈیشنل سیشن جج سلمان گھمن نے فیصلہ سنا دیا، عدالت نے وکلاء کے دلائل کے بعد فیصلہ سنایا، عدالت میں صنم جاوید کے وکیل نے مؤقف اپنایا کہ ’ملزمہ کو سیاسی بنیادوں پر گرفتار کیا گیا، ملزمہ سے کوئی تفتیش درکار نہیں ہے، اس لیے عدالت درخواست ضمانت منظور کرے‘، تاہم ایف آئی اے نے ملزمہ کی ضمانت کی مخالفت کی۔

یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی رہنماء صنم جاوید اور ان کے شوہر عتیق کوگرفتار کیا گیا، صنم جاوید کو مزید تفتیش کیلئے متعلقہ تھانے منتقل کیا گیا جب کہ ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے صنم جاوید کے شوہر عتیق کو گرفتارکیا، ایف آئی اے حکام کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ عتیق کو عظمیٰ بخاری جعلی ویڈیو سکینڈل کے مقدمے میں حراست میں لیا گیا، عتیق پر الزام ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر جعلی مواد پھیلانے میں ملوث رہا۔

(جاری ہے)

بتایا جارہا ہے کہ پی ٹی آئی سوشل میڈیا ایکٹوسٹ کو اینٹی ٹیررسٹ فورس نے 9 مئی کے واقعات کے مقدمے میں گرفتار کیا، پولیس اور ایف آئی اے کے مشترکہ آپریشن کے دوران دونوں کو لاہور کے علاقے ٹاؤن شپ سے گرفتار کیا گیا، حکام کا کہنا تھا کہ گرفتار شدگان سے مزید تفتیش جاری ہے، صنم جاوید کیخلاف 9 مئی کے واقعات کے حوالے سے سنگین الزامات کے تحت تحقیقات جاری ہیں جس پر انہیں ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا گیا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات