آزاد جموں وکشمیر فوڈ اتھارٹی نےملاوٹ مافیا اور مضر صحت اشیاء کا کاروبار کرنے والی کمپنیوں کے خلاف گھیرا تنگ کر دیا

منگل 20 مئی 2025 23:11

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2025ء) آزاد جموں وکشمیر فوڈ اتھارٹی نےملاوٹ مافیا اور مضر صحت اشیاء کا کاروبار کرنے والی کمپنیوں کے خلاف گھیرا تنگ کر تے ہوئے پاپڑوں کی مشہورکمپنی کی لیبارٹری تجزیاتی رپورٹ غیر تسلی بخش اور مضر صحت قرار پانے کی وجہ سے کمپنی پر مبلغ 3لا کھ روپے جرمانہ عائد کرتے ہوئے آزاد کشمیر بھر میں ان آئیٹمز کی فروخت پر پابندی عائد کر دی ہے ۔

(جاری ہے)

نائب ناظم خوراک فوڈ سیفٹی آفیسر مظفرآباد ڈویژن کو ہدایت کی گئی ہے کہ متذکرہ کمپنی کی پراڈکٹس کے متعلق تحقیقات عمل میں لاتے ہوئے ان کی مینوفیکچرنگ ، پیکنگ، لیبلنگ ، اجزائے ترکیبی اور ٹرانسپوٹیشن سے متعلق رپورٹ پیش کی جائے۔ فوڈ اتھارٹی ٹیم نے کوئٹہ کراچی کیفے واقع ٹاہلی منڈی مظفر آباد کو دودھ میں پاؤڈر (Skim milk) کی ملاوٹ ثابت ہونے کے باعث سیل کر دیاہے جبکہ مالکان کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔ سیکرٹری خوراک/وائس چیئر مین آزاد جموں و کشمیر فوڈ اتھارٹی نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ عوام الناس کو معیاری اشیاء خوردنوش کے حصول کو ممکن بنانے کیلئے بلا تعطل کاروائیاں جاری رکھی جائیں گی اور اس ضمن میں کسی بھی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی۔