مریم نواز ہیلتھ کلینکس دیہی عوام کو صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کا ذریعہ ہیں، صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر

منگل 20 مئی 2025 21:00

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2025ء) صوبائی وزیر صحت و آبادی پنجاب خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ مریم نواز ہیلتھ کلینکس دیہی عوام کو صحت کی بہترین بنیادی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہمی کا بڑا ذریعہ ہیں۔یہ بات انہوں نے مریم نواز ہیلتھ کلینک چک 189 رسول پور کا دورہ کرتے ہوئے کہی۔ صوبائی وزیر صحت و آبادی نے مریم نواز ہیلتھ کلینک میں طبی سہولیات کی فراہمی،ڈاکٹروں و عملہ کی حاضریاں چیک کیں۔

مریضوں سے سروس ڈیلیوری،ڈاکٹرز و ادویات کی دستیابی بارے استفسار کیا۔

(جاری ہے)

دریں اثناء خواجہ عمران نذیر نے ڈسٹرکٹ جیل کا بھی دورہ کیا اوراسیران کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ صوبائی وزیر نے جیل ہسپتال میں طبی سہولیات کی جانچ پڑتال کی اورمریض قیدیوں سے ملے۔ جیل کچن میں کھانے کا معیار بھی چیک کیا،سپر نٹنڈنٹ کو ضروری احکامات جاری کئے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت پنجاب صحت کے شعبے میں انقلابی تبدیلیوں کیلئے پرعزم ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر تمام تحصیل و ضلعی ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن اور ری ویمپنگ کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جا رہا ہے۔ دور دراز اور دیہی علاقوں میں صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔