ایچ ای سی اداروں اور پیشہ وارانہ ڈگری پروگراموں کی ایکریڈیٹیشن کے عمل کو اپ گریڈ کرنے کیلئے پرعزم ہے، ڈاکٹر ضیاء القیوم

منگل 20 مئی 2025 21:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2025ء) ایگزیکٹو ڈائریکٹر ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) ڈاکٹر ضیاء القیوم نے کہا ہے کہ ایچ ای سی ایکریڈیشن کونسلوں کی مشاورت سے اداروں اور پیشہ وارانہ ڈگری پروگراموں کی ایکریڈیٹیشن کے عمل کو اپ گریڈ کرنے کے لئے پرعزم ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو کمیشن سیکرٹریٹ میں کوالٹی ایشورنس ایجنسی، ایچ ای سی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں ایکریڈیٹیشن کونسلز کے ساتھ ہائیر ایجوکیشن انسٹی ٹیوٹس کے ایکریڈیشن کے مسائل اور یونیورسٹی کے ڈگری پروگراموں میں اضافی کورسز اور کریڈٹ اوقات کا تعارف/نفاذ پر توجہ مرکوز کی گئی۔ ماہرین تعلیم اور ایکریڈیٹیشن باڈیز کے نمائندوں پروفیسر سید انوار الحسن گیلانی، پروفیسر ڈاکٹر جمیل احمد خان، ڈاکٹر معید وسیم یوسف، پروفیسر ڈاکٹر نجمہ انجم اور ڈاکٹر شافع شمائل نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈاکٹر ضیاء القیوم نے پاکستان میں اعلیٰ تعلیم کے معیار کو بڑھانے کی کوششوں کو مربوط کرنے کے لئے ایکریڈیٹیشن باڈیز کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے تجویز دی کہ قائم کردہ کونسلیں مستقل مزاجی کو یقینی بنانے کے لئے نئے لوگوں کی رہنمائی کریں۔ ڈاکٹر ضیا القیوم نے سٹیک ہولڈرز کے ساتھ ڈائنامک پالیسی ریویو کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔ انہوں نے بین الضابطہ داخلوں، دائرہ کار کو بڑھانے میں لچک اور وسائل کی تقسیم جیسے لیبز اور کلاس رومز پر بات چیت کے لئے کھلے پن کا اظہار کیا۔ انہوں نے ایکریڈیٹیشن کونسلز کے کردار اور ذمہ داریوں کو واضح طور پر بیان کرنے کی اہمیت پر زور دیا جس سے وہ ایچ ای سی کے ریگولیٹری اور قانونی کاموں کی تکمیل میں مؤثر طریقے سے مدد کر سکیں۔