پانچ ارب کا ترقیاتی منصوبہ، مزارات و مساجد کی تعمیر و ترقی میں سنگ میل ثابت ہوگا، سیکرٹری اوقاف

منگل 20 مئی 2025 22:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2025ء) سیکرٹری /چیف ایڈ منسٹریشن اوقاف پنجاب ڈاکٹر طاہر رضابخاری نے 42سکیموں پر مشتمل پانچ ارب روپے کے سالانہ ترقیاتی پروگرام2025-26کی تشکیل کے سلسلے میں ایوان ِ اوقاف میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ پانچ ارب کا ترقیاتی منصوبہ، مزارات و مساجد کی تعمیر و ترقی میں سنگ میل ثابت ہوگا۔

انتہا پسندی کے خاتمے کے لیے صوفیا کی خانقاہوں کوسوسائٹی کا مرکز ماننا پڑے گا۔وزیر اعلی پنجاب کے ویژن کی روشنی میں ترقیاتی کام مقررہ میعار اور میعاد میں مکمل کردئیے۔ بہترین پلاننگ اورجامع حکمت عملی سے ’’ ماڈل شرائنز‘‘ کی تشکیل کا خواب شرمندہ تعبیر ہوگیا۔اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری اوقاف نبیلہ جاوید، ڈائریکٹر جنرل مذہبی امور خالد محمود سندھو، ڈائریکٹر ایڈ منسٹریشن اوقاف محمد شاکر، ڈائریکٹر پراجیکٹس اوقاف رفیق نور وٹو، ڈپٹی ڈائریکٹر ز اوقاف آصف اعجاز، حافظ محمد یوسف، عظیم حیات، ایاز حبیب،چوہدری طاہر احمد، اسسٹنٹ ڈائریکٹر مذہبی امورحافظ محمد جاوید شوکت اور سیکشن آفیسر اوقاف امجد صدیق سمیت محکمہ کے دیگر افسران بھی شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ڈائریکٹر پراجیکٹس اوقاف نے سالانہ ترقیاتی پروگرام2025-26اوروقف مزارات و مساجد پر جاری ترقیاتی و تعمیر اتی کاموں کے لیے رواں مالی سال کے جاری فنڈز کی یوٹیلائزیشن اور ترقیاتی سکیموں کے متعلق بریفنگ دی۔واضح رہے کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام2025-26 مالیتی پارنچ ارب روپے میں 9 عد د جاری اور 33 عدد نئی تجویز کردہ سکمیز شامل ہیں، جن میں ’’ماسٹر پلاننگ و ڈویلپمنٹ آف داتا درباربشمول ٹریفک مینجمنٹ پراجیکٹ آف بھاٹی چوک‘‘،داتا دربار میں حرمِ نبوی کی طرز پر ہائیڈرولک اور آٹو میٹک چھتریوں کی تنصیب، مزار حضرت بی بی پاکدامناں اپروچ روڈ تعمیراتی منصوبہ،دربار حضرت پیر مکی،دربار حضرت خواجہ نور محمد مہاروی،دربار حضرت شاہ کمال ، دربار حضرت نولاکھ ہزاری، ’’ سیکیورٹی پریزرویشن اینڈاپ کِیپ آف ہولی ریلکس بادشاہی مسجد ‘‘، ایوان اوقاف بلڈنگ، دربار حضرت خواجہ غلام فرید کوٹ مٹھن، دربار حضرت بابا فرید ، دربار حضرت بابا بلھے شاہ قصور،دربارحضرت داد بندگی شیر گڑھ اوکاڑہ، دربار حضرت موسی پاک شہید،مدرسہ جامعہ رحمانیہ اللہ داد خانیوال،مدرسہ تعلیم القرآن بہاولپور، اونچی مسجد باغیچی چوک گوجرانوالہ اور مرکزی جامع مسجد اشرفیہ گول چوک سرگودھا سمیت دیگر ترقیاتی سکیمز شامل ہیں۔