اٹک، عید الاضحی کے موقع پر قربانی کے جانوروں کی چوری اور جعلی کرنسی کی روک تھام کیلئے اقدامات کو حتمی شکل دیدی ہے ، ایس ایچ او سجاد حیدر

بدھ 21 مئی 2025 17:34

اٹک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مئی2025ء) ایس ایچ او تھانہ حضرو سجاد حیدر نے کہاہے کہ ڈی پی او اٹک ڈاکٹر سردار غیاث گل خان کی ہدایات پر عید الاضحی کے موقع پر قربانی کے جانوروں کی چوری اور جعلی کرنسی کی روک تھام کیلئے اقدامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ جانوروں کو گاڑیوں میں لانے والے ڈرائیور حضرات رسیدیں یا ثبوت پاس رکھیں، جو ڈرائیور قربانی کے جانوروں کی آمد و رفت کا ثبوت پیش نہ کر سکا گاڑی سمیت بند ہو گا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اٹک پریس کلب رجسٹرڈ کے چیف کوآرڈینیٹر نثار علی خان سے خصوصی گفتگو کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ بیوپاری اور کسان قربانی کے جانوروں کو رات کے وقت چار دیواری میں باندھیں اور ان کی رکھوالی کیلئے چوکیدارضرور رکھیں، ایس ایچ او سجاد حیدر نے کہا کہ عید الاضحی کے موقع پر منڈی مویشیاں میں جانوروں کی خرید و فروخت کرنے والے حضرات رقم وصول کریں تو نوٹوں کو ضرور چیک کریں تاکہ آپ کو کوئی جعلی نوٹ نہ تھما دے اور اگر منڈیوں میں جعلی نوٹوں کی اطلاع ملے تو فوری طور پر پولیس کو 15پر اطلاع کریں۔انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔