Live Updates

یونیورسٹی آف سرگودھا کے زیرِ اہتمام ''سیف سٹی اور ٹریفک قوانین کی آگاہی'' کے عنوان سے سیمینار

بدھ 21 مئی 2025 20:00

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مئی2025ء) یونیورسٹی آف سرگودھا میں ملک فیروز خان نون بزنس سکول کے زیر اہتمام’’سیف سٹی اور ٹریفک قوانین کی آگاہی‘‘ کے عنوان سے سماجی ذمہ داری کا شعور اجاگر کرنے کے لیے سیمینار منعقد ہوا۔ سیمینار کے دوران طلبہ واساتذہ میں ٹریفک قوانین، سیف سٹی پروگرام اور سڑکوں کی حفاظت سے متعلق شعور اجاگر کیا گیا۔

اس موقع پر کیمپس میں ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کی سہولت بھی فراہم کی گئی۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ہیڈکوارٹر ٹریفک پولیس سرگودھا کے انچارج انسپکٹر مظہر نے کہا کہ ٹریفک حادثات کے باعث ہونے والی ہلاکتوں میں اضافہ باعث تشویش امر ہے اور ٹریفک حادثات میں کمی لانے کے لیے عوام کو ٹریفک پولیس کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ٹریفک پولیس کی ذمہ داری صرف قانون کا نفاذ نہیں بلکہ حادثات کی روک تھام اور ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنا بھی ہے۔

انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ قوانین کو خوف کے بجائے قومی ذمے داری کے تحت اپنائیں اور روڈ سیفٹی کو یقینی بنائیں۔حادثات کی روک تھام اور قیمتی جانوں کا تحفظ یقینی بنانے کے لیے تمام شہریوں کو چاہیے کہ اُن کی حفاظت کے لیے بنائے گئے قوانین پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔ایجوکیشن وِنگ ٹریفک پولیس سرگودھا کے انچارج سب انسپکٹر ساجد سندھو نے کہا کہ روڈ سیفٹی کے فروغ میں تعلیم اور آگاہی کا بنیادی کردار ہے۔

انہوں نے لازمی ہدایات پر عمل درآمد اور اجتماعی شعور کو ایک مہذب معاشرے کی تشکیل کے لیے ناگزیر قرار دیا۔ڈائریکٹر ملک فیروز خان نون بزنس سکول، پروفیسر ڈاکٹر عرفان شہزاد نے مغربی ممالک میں اپنی ڈرائیونگ کے تجربات بیان کیے اور پاکستان میں نظم وضبط اور ذمہ دارانہ ڈرائیونگ کے کلچر کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔سیمینار کے اختتام پر سوال وجواب کا سیشن منعقد ہوا، جس میں طلبہ نے مقررین سے روڈ سیفٹی اور ٹریفک قوانین پر مفید سوالات کیے اور محفوظ سفر کے لیے اپنی دلچسپی اور عزم کا اظہار کیا۔ اس موقع پر کیمپس میں دو روز کے لیے موبائل لائسنس وین بھی موجود رہی، جس کے ذریعے طلبہ واساتذہ کو ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کی سہولت فراہم کی گئی۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات