خیبر پختونخوا حکومت کا صوبائی سطح پر ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے قیام کا فیصلہ، سفارشات تیار کرنے کے لئے خصوصی کمیٹی تشکیل دے دی

جمعرات 22 مئی 2025 15:25

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2025ء) خیبر پختونخوا حکومت نے صوبائی سطح پر جامعات کے لئے ہائیر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے قیام کا فیصلہ کر لیا اور اس سلسلے میں سفارشات تیار کرنے کے لئے خصوصی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ محکمہ اعلی تعلیم حکام کے مطابق کمیٹی کو ایک ماہ میں سفارشات تیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے،کمیٹی کا کام صوبائی سطح پر ایچ ای سی کا ڈھانچہ، افعال اور نظامِ حکمرانی تجویز کرنا ہے۔

(جاری ہے)

کمیٹی کو یہ ذمہ داری سونپی گئی ہے کہ وہ ایک ایسا ماڈل پیش کرے جو مالی اور تعلیمی طور پر پائیدار ہو۔محکمہ اعلی تعلیم کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق کمیٹی کے کنوینر خیبر پختونخوا ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے منیجنگ ڈائریکٹر ظریف المانی ہوں گے جبکہ دیگر اراکین میں خیبر پختونخوا ایجوکیشن ٹیسٹنگ اینڈ ایویلیوایشن ایجنسی کے منیجنگ ڈائریکٹر عادل سعید صافی، عبدالولی خان یونیورسٹی مردان کے وائس چانسلر پروفیسر جمیل احمد، یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی بنوں کے وائس چانسلر پروفیسر جہانزیب خان، انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ سائنسز پشاور کے ڈائریکٹر عثمان غنی، محکمہ اعلی تعلیم کے ڈپٹی سیکرٹریز اظہر ظہور اور واجد علی خان شامل ہیں۔