- بیرون ملک اسرائیلی سفارتی مشنوں کی سکیورٹی بڑھانے کا اعلان
بیرون ملک اسرائیلی سفارتی مشنوں کی سکیورٹی بڑھانے کا اعلان
امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں فائرنگ کے نتیجے میں اسرائیلی سفارتی عملے کے دو ارکان کی ہلاکت کے بعد اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے دنیا بھر میں ملکی سفارتی مشنوں کی سکیورٹی بڑھانے کا اعلان کر دیا ہے۔
اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے دنیا بھر میں تمام اسرائیلی سفارتی مشنوں کی سکیورٹی بڑھانے کا اعلان کیا ہے۔ اس کا مقصد بیرون ملک فرائض انجام دینے والے ریاستی نمائندوں کو مزید تحفظ فراہم کرنا ہے۔
وزیر اعظم نیتن یاہو کا یہ فیصلہ اور اس حوالے سے بیان امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں کیپیٹل جیوئش میوزیم کے باہر ہونے والی فائرنگ میں ملکی سفارتی عملے کے دو ارکان کی ہلاکت کے تناظر میں سامنے آیا ہے۔
(جاری ہے)
اسرائیل میں داخلی سطح پر کئی وزراء نے اس حملے کی مذمت کرتے ہوئے بیانات دیے ہیں۔ وزیر خارجہ گیدون سعار نے کہا ہے، ’’یہ حملہ سامیت دشمنی اور اسرائیل کی مخالفت کو اشتعال انگیزی سے براہ راست جوڑنے کا مظاہرہ ہے۔‘‘ گیدون سعار نے خدشہ ظاہر کیا کہ مستقبل میں بھی ایسے اسرائیل مخالف واقعات پیش آ سکتے ہیں۔
عالمی سطح پر بھی کئی ممالک کے اعلیٰ رہنماؤں کی طرف سے واشنگٹن میں ہونے والے اس خونریز حملے کی مذمت جاری ہے۔