Live Updates

غزہ: امدادی سامان کی لوٹ مار بے یقینی اور پریشانی کا مظہر

یو این جمعہ 23 مئی 2025 21:15

غزہ: امدادی سامان کی لوٹ مار بے یقینی اور پریشانی کا مظہر

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ UN اردو۔ 23 مئی 2025ء) غزہ میں 11 ہفتوں کے بعد پہلی مرتبہ آنے والی انسانی امداد کے 15 ٹرک لوٹ لیے گئے ہیں۔ اقوام متحدہ کے پروگرام برائے خوراک (ڈبلیو ایف پی) نے کہا ہے کہ طویل عرصہ سے بھوکے اور مایوس لوگوں کے لیے بڑے پیمانے پر امداد کی ضرورت ہے۔

'ڈبلیو ایف پی' نے بتایا ہے کہ ٹرک لوٹنے کا واقعہ گزشتہ شب جنوبی غزہ میں اس وقت پیش آیا جب یہ امداد ادارے کے زیراہتمام چلائے جانے والے تنوروں کی جانب بھیجی جا رہی تھی۔

Tweet URL

ادارے کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے غزہ میں جتنی امداد بھیجنے کی اجازت دی جا رہی ہے وہ جنگ سے تباہ حال لوگوں کی غذائی و دیگر ضروریات پوری کرنے کے لیے انتہائی ناکافی ہے۔

(جاری ہے)

بھوکے لوگوں کو یہ اندیشہ لاحق ہے کہ نجانے مزید امداد آئے گی یا نہیں اور غیریقینی حالات عدم تحفظ میں اضافہ کر رہے ہیں۔ لوگوں کی مایوسی دور کرنے اور لوٹ مار کے واقعات کو روکنے کے لیےمحفوظ راستوں سے بڑی مقدار میں اور تواتر سے امداد فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔

متنوع غذا کی ضرورت

غزہ میں لائی جانے والی غذائی مدد میں گندم کے آٹے کی بڑی مقدار بھی شامل ہے جو 19 ماہ سے جاری جنگ میں شہریوں کی بنیادی خوراک رہی ہے۔

'ڈبلیو ایف پی' نے کہا ہے کہ لوگوں کی بقا کے لیے محض روٹی کافی نہیں۔ غذائی امداد میں اضافے کے ساتھ اس کا متنوع ہونا بھی ضروری ہے اور اسی صورت قحط کے خطرے کو پوری طرح ٹالا جا سکتا ہے۔

امدادی امور کے لیے اقوام متحدہ کے رابطہ دفتر (اوچا) نے کہا ہے کہ گزشتہ دو روز میں جو امداد غزہ میں آئی ہے اس سے 21 لاکھ آبادی کی ضروریات پوری نہیں ہو سکتیں۔ 80 یوم سے علاقے میں تازہ خوراک، صحت و صفائی کا سامان، پانی کو صاف کرنے کے لیے درکار اشیا اور ہسپتالوں کے لیے ایندھن نہیں پہنچا۔

Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات