متحدہ عرب امارات میں مئی کے مہینے میں زیادہ سے زیادہ گرمی کے تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے

گزشتہ 22 سالوں کے دوران پہلی مرتبہ متحدہ عرب مارات کے کسی علاقے میں درجہ حرارت 50.4 ڈگری ریکارڈ کیا گیا

muhammad ali محمد علی ہفتہ 24 مئی 2025 00:01

متحدہ عرب امارات میں مئی کے مہینے میں زیادہ سے زیادہ گرمی کے تمام ریکارڈ ..
ابوظہبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 مئی2025ء) متحدہ عرب امارات میں مئی کے مہینے میں زیادہ سے زیادہ گرمی کے تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے، گزشتہ 22 سالوں کے دوران پہلی مرتبہ متحدہ عرب مارات کے کسی علاقے میں درجہ حرارت 50.4 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق دنیا کے کئی ممالک کی طرح متحدہ عرب امارات بھی مئی کے ماہ میں ہی انتہائی غیر معمولی گرمی کی لہر کی زد میں ہے۔

متحدہ عرب امارات اس خطے میں واقع ہے جہاں عموماً انتہائی شدت والی گرمی پڑتی ہے۔ تاہم رواں سال مئی کے ماہ میں متحدہ عرب امارات میں معمول سے بھی زیادہ گرمی کی شدت ریکارڈ کی گئی، جمعہ 23 مئی کو گرمی کی انتہائی شدت کا نیا ریکارڈ بن گیا۔ اردو نیوز کی رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات کے محکمہ موسمیات نے انکشاف کیا ہے کہ امارات میں مئی کے ماہ میں زیادہ سے زیادہ گرمی پڑنے کے تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے۔

(جاری ہے)

متحدہ عرب امارات میں 23 مئی بروز جمعہ کو درجہ حرارت 50.4 ڈگری رہا جو اس مہینے میں 2003 سے ریکارڈ کیا جانے والا سب زیادہ درجہ حرارت ہے۔ اماراتی محکمہ موسمیات کے مطابق جمعہ 23 مئی کو مقامی وقت کے مطابق دوپہر ڈھائی بجے ابوظبی کے شہر الشوامخ میں ملک بھر میں سب سے زیادہ درجہ حرارت 50.4 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ متحدہ عرب امارات میں 22 سال قبل موسم کا باقاعدہ ریکارڈ رکھنے کا عمل شروع کیا گیا، 2003 سے اب تک کا 50.4 ڈگری مئی کے ماہ میں سب سے زیادہ ریکارڈ کیا گیا درجہ حرارت ہے۔

اس سے قبل مئی میں زیادہ سے زیادہ گرمی کا ریکارڈ 2009 میں قائم ہوا تھا۔ مئی 2009 میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 50.2 ڈگری ریکارڈ کیا گیا تھا۔ بتایا گیا ہے کہ رواں سال متحدہ عرب امارات میں موسم گرما کے باقاعدہ آغاز سے قبل ہی گرمی کی غیر معمولی شدت ریکارڈ کی جا رہی ہے۔ امارات میں گزشتہ مہینے اپریل میں درجہ حرارت 42.6 ڈگری ریکارڈ کیا گیا تھا، جو اماراتی محکمہ موسمیات کے مطابق اپریل 2017 میں ریکارڈ کیے گئے اوسط یومیہ 42.2 ڈگری سے زیادہ ہے۔ گرمی کی اس غیر معمولی لہر کے دوران متحدہ عرب امارات میں رہنے والوں کو تمام احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔