
غزہ امدادی بحران: اسرائیل کے جواب میں یو این کا پانچ نکاتی منصوبہ پیش
یو این
ہفتہ 24 مئی 2025
00:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ UN اردو۔ 24 مئی 2025ء) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے غزہ میں جنگ سے تباہ حال شہریوں کو پانچ مراحل میں انسانی امداد مہیا کرنے کا منصوبہ پیش کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ادارہ ایسے کسی منصوبے کا حصہ نہیں بنے گا جس میں بین الاقوامی قانون یا بنیادی امدادی اصولوں کو نظرانداز کیا گیا ہو۔
انہوں نے غزہ میں مستقل جنگ بندی کےمطالبے کو دہراتے ہوئے تمام یرغمالیوں کی فوری اور غیرمشروط رہائی اور انسانی امداد تک مکمل رسائی یقینی بنانے کے لیے بھی کہا ہے۔
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے چیمبر سے باہر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ اس وقت غزہ کے فلسطینیوں کو اس سفاکانہ جنگ کے ہولناک ترین مرحلے کا سامنا ہے۔
(جاری ہے)
اسرائیل کی ذمہ داری
انہوں ںے کہا کہ اسرائیل نے غزہ میں حملے تیز کر دیے ہیں اور اقوام متحدہ اور اس کے شراکتی اداروں کی امدادی کارروائیوں کو نظرانداز کرتے ہوئے نجی اداروں کے نیٹ ورک کے ذریعے امداد کی تقسیم کا مںصوبہ بنایا ہے جس پر اتوار سے عملدرآمد کیا جائے گا۔
بین الاقوامی انسانی قانون کے تحت غزہ کے شہریوں سے انسانی سلوک کرنا اسرائیل کی واضح ذمہ داری ہے۔ اسے مقبوضہ علاقے کی آبادی کو جبراً کسی دوسری جگہ منتقل، بیدخل یا بے گھر کرنے سے باز رہنا ہو گا۔
انتونیو گوتیرش نے بتایا کہ اسرائیل نے محدود سی مقدار میں انسانی امداد غزہ میں پہنچانے کی اجازت دے دی ہے لیکن اب تک 400 میں سے 115 امدادی ٹرکوں کو ہی علاقے میں داخلے کی اجازت ملی ہے جبکہ زیرمحاصرہ شمالی غزہ میں کوئی مدد نہیں پہنچی۔
انسانیت اور غیرجانبداری کے اصول
سیکرٹری جنرل نے کہا کہ اقوام متحدہ کے امدادی ادارے اور شراکت دار دستیاب امداد کو ضرورت مند لوگوں تک پہنچانے کے لیے چوبیس گھنٹے کام کر رہے ہیں تاہم ضروریات بہت زیادہ ہیں اور امدادی عمل کی راہ میں کڑی رکاوٹیں حائل ہیں۔ اسرائیل امدادی ٹرکوں کو غزہ میں بھیجنے کے عمل میں غیرضروری تاخیر کر رہا ہے، اس نے امداد کی تقسیم کے حوالے سے کوٹہ نافذ کرنے کی پالیسی اپنائی ہے جبکہ ایندھن، پناہ کے سامان، کھانا بنانے کے لیے استعمال ہونے والی گیس اور پانی صاف کرنے کی اشیا کو غزہ بھیجنے کی اجازت نہیں دی گئی۔
اقوام متحدہ اور امدادی اداروں کے عملے کو ضرورت مند لوگوں تک خوراک کے پارسل اور آٹا تقسیم کرنے سے روکا جاتا رہا تو ان کی زندگی کو بھی خطرات لاحق رہیں گے۔ تیزرفتار، قابل بھروسہ، محفوظ اور پائیدار انداز میں امداد فراہم نہ کی گئی تو مزید ہلاکتیں ہو سکتی ہیں۔
انہوں نے غزہ میں امداد کی تقسیم کے لیے امریکہ کی حمایت سے پیش کیے جانے والے اسرائیلی منصوبے کا براہ راست حوالہ دیے بغیر کہا کہ امداد کی تقسیم میں انسانیت، غیرجانبداری اور آزادی کے اصولوں کو مدنظر رکھا جانا ضروری ہے۔
اقوام متحدہ کسی ایسے مںصوبے کا حصہ نہیں بنے گا جس میں ان اصولوں کی پاسداری نہ کی گئی ہو۔5 نکاتی امدادی منصوبہ
سیکرٹری جنرل نے بتایا کہ اقوام متحدہ اور اس کے شراکت دارں نے رکن ممالک کی حمایت سے پانچ مراحل پر مشتمل ایک تفصیلی، اصولی اور عملی طور پر مضبوط منصوبہ تیار کیا ہے جس کے تحت:
- غزہ میں امداد کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔
- سرحدی راستوں پر امداد کا معائنہ کیا جائے گا۔
- امداد کو سرحدی راستوں سے غزہ میں امدادی مراکز پر لے جایا جائے گا۔
- امدادی مراکز پر امداد کو تقسیم کے لیے تیار کیا جائے گا۔
- آخری مرحلے میں، امدادی سامان ضرورت مند لوگوں تک پہنچایا جائے گا۔
سیکرٹری جنرل نے اسرائیل پر یہ منصوبہ قبول کرنے کے لیے زور دیتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کے پاس امدادی عملہ، امداد کی تقسیم کے لیے درکار نیٹ ورک اور متعلقہ نظام موجود ہے جبکہ اسے مقامی لوگوں کی مدد بھی حاصل ہے۔
علاوہ ازیں، امدادی سامان کی ایک لاکھ 60 ہزار پیٹیاں سرحد پر تیار پڑی ہیں۔انہوں نے اپیل کی کہ طویل مصائب کا سامنا کرنے والے غزہ کے لوگوں کو مدد پہنچانا ضروری ہے۔ یہ کام درست طریقے سے اور فوری طور پر کرنا ہو گا۔

مزید اہم خبریں
-
روہنگیا پناہ گزینوں کی کشتیاں ڈوبنے کی اطلاعات پر تشویش
-
اسرائیل فلسطین مسئلہ کے دو ریاستی حل کے اہم سفارتی نقاط تیار
-
یوگنڈا: شہریوں کے خلاف فوجی عدالتوں پر انسانی حقوق کمشنر کو تشویش
-
غزہ امدادی بحران: اسرائیل کے جواب میں یو این کا پانچ نکاتی منصوبہ پیش
-
متحدہ عرب امارات میں مئی کے مہینے میں زیادہ سے زیادہ گرمی کے تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے
-
دشمن کو ہماری طاقت کا اندازہ ہوگیا ہے اب وہ دفاع پر 2ہزار خرچ کرے گا
-
بلوچستان جیسے سانحات ہوتے رہے تو پاک فوج کو کہیں گے کہ مودی کا ’’ سر ‘‘ لا کر دیں
-
امریکی صدر نے ایپل کمپنی سے ایک بار پھر بھارت میں آئی فون تیار نہ کرنے کا مطالبہ کردیا
-
وفاقی ترجمان وزارت خزانہ نے کہا ہے کہ وفاقی بجٹ 10 جون کو پیش کیا جائے گا، ترجمان وزارت خزانہ
-
پاکستان کو 10ماہ کے دوران 6 ارب ڈالر بیرونی قرضے اور گرانٹس موصول
-
غزہ: امدادی سامان کی لوٹ مار بے یقینی اور پریشانی کا مظہر
-
شام میں استحکام کے لیے عالمی برادری کی مدد درکار، امدادی ادارے
UrduPoint Network is the largest independent digital media house from Pakistan, catering the needs of its users since year 1997. We provide breaking news, Pakistani news, International news, Business news, Sports news, Urdu news and Live Urdu News
© 1997-2025, UrduPoint Network
All rights of the publication are reserved by UrduPoint.com. Reproduction without proper consent is not allowed.